تمہاری غیر موجودگی نے روح کو خاموش کردیا، شگفتہ اعجاز کی شوہر کی یاد میں جذباتی پوسٹ
سینیئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے مرحوم شوہریحییٰ صدیقی کی قبر پر پھول چڑھانے کی جذباتی ویڈیو شیئر کردی، جس پر صارفین انہیں صبر کی تلقین کرتے دکھائی دیے۔
شگفتہ اعجاز کے شریک حیات کچھ عرصہ قبل کینسر سے جنگ لڑتے انتقال کر گئے تھے۔
شوہر کے انتقال کے بعد اداکارہ وقتاً بوقتاً سوشل میڈیا کا سہارا لیتی رہتی ہیں، کبھی شوہر اور بچوں کی ویڈیوز شیئر کرتی ہیں، تو کبھی شوہر سے اپنی محبت کے اظہار پر مبنی پوسٹ شیئر کرتی ہیں۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے شوہر کی قبر پر حاضری لگائی۔
گانے کے بیک گراونڈ میں نصرت فتح علی خان کا ایک رنجیدہ گانا بھی سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کا آغاز اداکارہ کا اپنی انگلی میں سنہرے رنگ کا چھلا پہننے سے ہوتا ہے، جس میں ان کے شوہر کا نام گُندھا ہوا ہے، بعد ازاں انہیں ہاتھ میں گلاب کے پھولوں کی پتیوں سے بھرا تھیلا تھامے ان کی آرام گاہ کی جانب بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں پہنچ کر انہوں نے مرحوم شوہر کی قبر پر پانی ڈالا اور پتیاں پھیلائیں، جب کہ ویڈیو میں آگے جا کر وہ فاتحہ خوانی کرتے بھی نظر آتی ہیں، جب کہ شارٹ ویڈیو کلپ میں ان کا چہرہ نظر نہیں آرہا۔
ویڈیو کے کیپشن میں شگفتہ اعجاز نے شوہر کے جانے کا غم الفاظ میں ڈھالتے ہوئے تحریر کیا کہ’تمہاری غیر موجودگی نے میری روح کو خاموش کردیا۔’
ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں اداکارہ کے فالوورز کی جانب سے دعائیہ اور جذباتی کمنٹس کیے گئے، کچھ فالوورز نے شگفتہ اعجاز کو صبر کی تلقین بھی کی۔
شگفتہ اعجاز کے شوہر پانچ سال تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ برس ستمبر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے، اداکار ہ نے اپنے انسٹاگرام پر شوہر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’انا للہ وانا الیہ راجعون! میرے شوہر یحیٰی صدیقی انتقال کرگئے ہیں، ان کی مغفرت کے لیے سورہ فاتحہ پڑھیں۔‘
شوہر کے انتقال کے بعد اداکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر شوہر کی زندگی کا آخری انٹرویو شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنی زندگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر دوبارہ زندگی ملی تو اس میں بھی شگفتہ اعجاز کو ڈھونڈوں گا۔‘
اداکارہ کی پہلی شادی کامیاب نہیں ہو سکی تھی، جس کے بعد انہوں نے پروڈیوسر یحییٰ صدیقی سے شادی کی،جو ان کی بھی دوسری شادی تھی۔ جوڑے نے ایک ساتھ خوشگوار زندگی گزاری، جب کہ اس حوالے سے اداکارہ کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے کہ انہوں نے مال و دولت کی لالچ میں شادی کی۔