چاہت فتح علی خان کی متھیرا کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی
کامیڈین و گلوکار چاہت فتح علی خان نے حالیہ ویڈیو تنازع کے بعد ماڈل، اداکارہ و ٹی وی شو میزبان متھیرا کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
سوشل میڈیا پر ’بدو بدی‘ گانے سے وائرل ہونے والے گلوکار چاہت فتح علی خان ہر کچھ عرصے بعد کسی نہ کسی حوالے سے تنازعات کی زد میں دکھائی دیتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے متھیرا کے ٹاک شو ’دی 21 ایم ایم شو‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جس کے بعد سے ان کے اور ماڈل کے درمیان ’سوشل میڈیا وار‘ جاری ہے۔
شو کے بعد گلوکار نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہیں ان کا مشہور گانا ’بدو بدی‘ گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا، تاہم گانا گاتے ہوئے وہ میزبان کے قریب آتے اور رومانوی ہوتے بھی دکھائی دیئےجب کہ متھیرا کی کھسیانی ہنسی اور پیچھے ہٹنے کی کوشش کے باوجود وہ انہیں کبھی بازو سے پکڑرہے تھے، توکبھی ان کے قریب جاتے نظر آئے۔
دوسری جانب ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متھیرا کا اس پر انتہائی سخت رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ’اس انداز میں ویڈیو بنانا انتہائی بری حرکت تھی’
اداکارہ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ویڈیو ان کے شو کے کیمروں سے نہیں بلکہ چاہت فتح علی خان کی جانب سے عجیب اینگل سے بنائی گئی تھی۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ وہ مہمانوں کو ہمیشہ عزت دیتی ہیں اور ان کے ساتھ مہذب انداز میں پیش آتی ہیں، تاہم چاہت فتح علی خان کی اس حرکت سے انہیں سخت مایوسی ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بولڈ ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کوئی بھی انہیں دیکھے اور گلے لگالے۔‘
دوسری جانب گلوکار نے اداکارہ کی جانب سے خود پر لگائے گئے الزامات کٰی تردید کرتے ہوئےانسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’آن اسکرین تو متھیرا میرے خلاف باتیں کر رہی ہیں اور الزامات لگا رہی ہیں لیکن حقیقت اس کے برخلاف ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’اداکارہ ان کی منتیں کرتی رہیں کہ وہ میں ان کے شو میں شرکت کریں، کیوں کہ ان کے شو کی ریٹنگ نہیں آرہی تھی۔
گلوکار نے شو کے درمیان متھیرا کے دلچسپ مذاق کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ’ شو ختم ہونے کے بعد وہ خود تصاویر بنانے کی غرض سے میرے پاس آئیں اور کمر میں ہاتھ ڈالا، جس پر میں نے ان سے کہا کہ تصویر سامنے سے لیتے ہیں۔’
چاہت فتح علی خان کے مطابق اداکارہ نے ان سے کہا کہ گانا شوٹ کر کے دکھائیں، جس پر انہوں نے اپنا گانا شوٹ کیا اور متھیرا اس پر خُوب لطف اندوز بھی ہوئیں۔
انہوں نے ماڈل کے لگائے گئے الزامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ جب شو ہٹ ہوگیا، تو انہوں نے مجھ پر ہراسانی کے الزامات لگا دیئے جو انتہائی مضحکہ خیز بات ہے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے اپنے وکیل سے رجوع کرلیا ہے۔
’بدو بدی‘ گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ وہ اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں اور انہیں کورٹ میں لے کر جائیں گے۔
چاہت فتح علی خان کا اداکارہ کے الزامات رد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’متھیرا نے الزام لگایا کہ میری ٹیم شو میں میرے ساتھ گئی تھی اور ویڈیو چوری چھپے بنائی گئی لیکن یہ سراسر جھوٹ ہے میں ہمیشہ اکیلا ہی شو پر جاتا ہوں اور جو ویڈیو بنائی گئی تھی وہ بھی شو کے کیمرہ مین ہی نے ہی بنائی تھی۔‘
واضح رہے کہ حال ہی میں چاہت فتح علی خان اور متھیرا کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جو ابتدائی طور پر گلوکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھیں، جہاں سے انہیں دوسرے سوشل میڈیا پیجز نے بھی شیئر کیا، بعض ویڈیوز میں وہ متھیرا کو گلے لگانے اور ان کے ساتھ رومانوی ہونے کی کوشش بھی کرتے نظر آرہے تھے۔