امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں پر سلینا گومز رو پڑیں
امریکی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کے آغاز پر امریکی پاپ گلوکارہ و اداکارہ سلینا گومز کے پھوٹ پھوٹ کر رونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق امریکا میں ’امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ (آئی سی ای) کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کے آغاز پر سلینا گومز نے اپنے رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی لیکن جلد ہی انہوں نے ویڈیو ڈیلیٹ کردی۔
غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں پر رونے کی ویڈیو میں سلینا گومز کارروائیوں کا نشانہ بننے والے افراد سے اظہار ہمدردی کرتی سنائی دیں۔
سلینا گومز روتے ہوئے کہتی سنائی دیتی ہیں کہ ’وہ صرف یہ کہنا چاہتی ہیں کہ ان کے اپنے لوگوں پر حملے ہو رہے ہیں لیکن وہ کچھ نہیں کر سکتیں‘۔
اداکارہ و گلوکارہ اظہار افسوس کرتے ہوئے مزید کہتی ہیں کہ کاش وہ کارروائیوں کا نشانہ بننے والے افراد کے لیے کچھ کر سکتیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کارروائیوں کا نشانہ بننے والے افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ ان کے لیے کچھ نہ کچھ کریں گی۔
ویڈیو میں سلینا گومز کو پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے لیکن جلد ہی گلوکارہ نے ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کردی۔
سلینا گومز کو غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر ہمدردی کرنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور بعض لوگ انہیں بھی امریکا سے نکالنے کا مطالبہ بھی کرتے دکھائی دیے۔
امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کا آغاز ہوا ہے اور اندازے کے مطابق امریکی حکام یومیہ 900 سے 1200 تارکین وطن کو ملک بدر کر رہے ہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ امریکا میں کم سے کم 10 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران ہی ان افراد کو ملک بدر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
سلینا گومز کی پیدائش اگرچہ امریکا میں ہی ہوئی اور ان کے والدین کئی دہائیاں قبل ہی امریکا منتقل ہوچکے تھے لیکن ان کے آباؤ و اجداد کا تعلق میکسیکو سے ہے اور امریکا میں بہت سارے غیر قانونی تارکین وطن کا تعلق میکسیکو سے ہے۔