دودی خان سے شادی کے لیے راضی ہوئی تو غدار کہا گیا، فتوے لگائے گئے، راکھی ساونت
بھارت کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی اداکار و ماڈل دودی خان سے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی تو انہیں غدار کہا گیا، ان کے خلاف فتوے نکالے گئے۔
راکھی ساونت نے حال ہی میں بھارتی صحافی کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے دودی خان سے تعلقات، دوستی اور شادی کے معاملے پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے کہا کہ دودی خان بہادر انسان ہے، وہ پاکستانی ہے لیکن ان کے پاس یورپی ملک نیدرلینڈ کا پاسپورٹ ہے، وہ بھارت آ سکتے ہیں، پہلے بھی آ چکے ہیں۔
ان کے مطابق دودی خان بھارتیوں کی دھمکیوں اور ٹرولنگ سے ڈر گئے، انہیں لگا کہ اگر وہ راکھی ساونت سے شادی کے لیے بھارت جائیں گے تو بھارتی ان کی بینڈ بجا دیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے اور دودی خان کے درمیان دو، ڈھائی سال سے دوستی ہے اور جب انہوں نے پاکستانی اداکار کی پیش کش پر ان سے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی تو بھارتیوں کو مرچیں لگ گئیں۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ بھارتی پاکستان کے خلاف فلمیں بنا کر پیسے کمانا درست سمجھتے ہیں، فلموں میں پاکستان کو غلط اور خراب دکھایا جاتا ہے، وہاں کچھ نہیں ہوتا۔
انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ جب پاکستانی خاتون سیما نے وہاں سے آکر بھارتی لڑکے سچن سے شادی کی تو سب بھارتی خوش ہوئے اور سیما کو دیش کو بہو سمجھنے اور کہنے لگے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب وہ پاکستان کی بہو بننا چاہتی ہیں تو سب بھارتیوں کو آگ لگ گئی، انہیں مرچیں لگنے لگی ہیں۔
راکھی ساونت نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ میڈیا میں غلط رپورٹنگ اور منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے بھی دودی خان ان سے شادی کرنے سے پیچھے ہٹے ہیں۔
انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانی اور بھارتی افراد نے ایک دوسرے سے شادیاں کر رکھی ہیں لیکن وہاں کوئی کچھ نہیں بولتا۔
ان کے مطابق بیرون ممالک رہنے والے کروڑوں پاکستانیوں اور بھارتیوں نے ایک دوسرے سے شادیاں رچا رکھی ہیں لیکن صرف انہیں ٹارگٹ کیا گیا، انہیں غدار کہا گیا، ان کے خلاف فتوے نکالے گئے۔
خیال رہے کہ چند دن قبل پاکستانی اداکار و ماڈل دودی خان نے انسٹاگرام ویڈیو میں راکھی ساونت کو شادی کی پیش کش کی تھی۔
بعد ازاں دودی خان نے ایک اور ویڈیو میں بتایا کہ اب وہ لوگوں کی تنقید کی وجہ سے راکھی ساونت سے شادی نہیں کر سکتے، انہیں ٹرول کیا گیا لیکن وہ بھارتی اداکارہ کی شادی کسی دوسرے پاکستانی سے کروانے کو تیار ہیں۔
دودی خان کی جانب سے مکر جانے کے بعد اب راکھی ساونت نے کہا ہے کہ پاکستانی لڑکے سے شادی کے لیے رضامند ہونے پر بھارت میں بھی ان کے خلاف فتوے نکالے گئے، انہیں غدار کہا گیا۔