ثانیہ مرزا کی طلاق کے باعث مجھ پر بھارتی تنقید کر رہے ہیں، راکھی ساونت
متنازع بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی عوام ثانیہ مرزا کی شادی ٹوٹنے پر ناراض ہیں اور انہیں بھی اسی لیے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بولی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے حال ہی میں ’نکتہ‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے دودی خان سے دوستی، شادی اور پاکستان آنے سے متعلق کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ دودی خان ان کے بہترین دوست ہیں اور دونوں کی دوستی ٹک ٹاک پر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ شادی میں مایوں، مہندی کی رسم کی روادار نہیں کیوں کہ اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا۔
بھارتیوں کی ان پر تنقید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کی ایک وجہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق ہے۔
اداکارہ کے مطابق ثانیہ مرزا پاکستان کی بہو تھیں، ان کی شادی کے انجام نے بھارتی عوام کو مایوس کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی لڑکی کا پاکستانی لڑکے سے شادی کرنا مشکل ہوتا ہے، ایسے میں جب شادی ناکام ہو جائے تو تنقید کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ شادی کی کامیابی اور ناکامی قسمت کا کھیل ہوتا ہے۔
ان کے مطابق ایسی باتوں کو بنیاد بنا کر کسی کے حوالے سے اندازہ قائم نہیں کرنا چاہیے۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ میری پہلی شادی ناکام رہی لیکن ہو سکتا ہے میرا پاکستانی شوہر مجھے بہت محبت اور عزت سے رکھے اورشادی ہمیشہ قائم رہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی ماڈل اور اداکار دودی خان نے انسٹاگرام پر راکھی ساونت کو شادی کی پیش کش کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ شادی کے لیے بارات کہاں لانی ہے، جس پر اداکارہ نے پیش کش قبول کرلی تھی۔
بعدازاں متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے مفتی قوی بھی راکھی ساونت سے شادی کے لیے میدان میں آگئے، جنہوں نے اداکارہ سے مشروط نکاح کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔