پریس کانفرنس میں تاخیر سے پہنچنے پر فیروز خان اور خاتون صحافی میں چپقلش
مقبول اداکار فیروز خان کی جانب سے پریس کانفرنس میں مبینہ طور پر ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچنے کے معاملے پر اداکار اور خاتون صحافی کے درمیان چپقلش کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں اداکار اور خاتون صحافی کے درمیان گرما گرم بحث کو سنا جا سکتا ہے۔
خاتون صحافی سے چپقلش کی ویڈیوز کو فیروز خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بھی شیئر کیا، جہاں سے دیگر شوبز اداکاروں نے بھی اسے شیئر کیا۔
مختصر ویڈیو میں خاتون صحافی لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران فیروز خان کو مخاطب ہوکر دعویٰ کرتی سنائی دیتی ہیں کہ اداکار ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔
خاتون ویڈیو میں کہتی ہیں کہ فیروز خان کی تاخیر کے باعث پورا مین اسٹریم میڈیا چلا گیا جب کہ میڈیا ہی اداکاروں کو اسٹار بناتا ہے اور وہ خود پریس کانفرنس میں اتنی زیادہ تاخیر سے آئے۔
خاتون صحافی کے سوالوں پر فیروز خان نے معذرت کرنے کے بجائے ان سے دلائل میں بات کی اور کہا کہ میڈیا نے انہیں اسٹار نہیں بنایا بلکہ مداحوں کی وجہ سے وہ اسٹار ہیں۔
ساتھ ہی فیروز خان شکوہ کرتے ہیں کہ میڈیا تو گزشتہ تین سال سے ان کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔
فیروز خان کے جوابوں پر خاتون صحافی اپنا شکوہ جاری رکھتی ہیں اور اداکار کو بتاتی ہیں کہ وہ سنجیدہ ہیں لیکن اداکار تاخیر سے آنے کے معاملے کو مذاق میں بنا رہے ہیں۔
خاتون کے سوالوں پر فیروز خان مزاحیہ انداز میں بولتے ہیں کہ ان کے ہاں گرم پانی نہیں آ رہا تھا، جس وجہ سے وہ تاخیر سے پہنچے۔
ان کے جواب پر خاتون صحافی انہیں کہتی ہیں کہ وہ مذاق نہیں کر رہیں، جس پر اداکار بھی انہیں جواب دیتے ہیں کہ وہ بھی مذاق نہیں کر رہے، ان کے ہاں واقعی گرم پانی نہیں آ رہا تھا، جس وجہ سے وہ تاخیر سے پہنچے۔
خاتون صحافی اور فیروز خان کے درمیان چپقلش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔
بعض افراد نے فیروز خان کو تاخیر سے پہنچنے پر آڑے ہاتھوں لیا جب کہ بعض نے ان کی حمایت کی اور خاتون صحافی کے سوال پر مشہور ہونے کا بہانہ قرار دیا۔