راکھی ساونت بلائے تو بھارت جاؤں گی، پاکستان آئےتو کھانا کھلاؤں گی، ہانیہ عامر
اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارت کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت کے پاکستان آنے کے بیانات پر کہا ہے کہ وہ خود ایئرپورٹ پر راکھی ساونت کا انتظار کریں گی۔
راکھی ساونت گزشتہ ماہ جنوری سے ہانیہ عامر کے نام متعدد ویڈیوز جاری کر چکی ہیں، جن میں کبھی وہ دعویٰ کرتی ہیں کہ وہ اداکارہ سے ملنے پاکستان پہنچ چکی ہیں تو کبھی وہ بتاتی ہیں کہ وہ پاکستان آ رہی ہیں۔
پاکستان آنے اور پہنچنے کی ویڈیوز سے قبل راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کو ڈانس کا چیلنج بھی دیا تھا،جس پر ہانیہ عامر نے انہیں دلچسپ جواب بھی دیا تھا۔
ہانیہ عامر کے جواب دیے جانے کے بعد راکھی ساونت بار بار پاکستانی اداکارہ کے لیے ویڈیوز جاری کرتی دکھائی دیتی ہیں اور ان کی ویڈیوز پاکستانی اور بھارتی سوشل میڈیا اور مین اسٹریم میڈیا میں وائرل ہیں۔
راکھی ساونت کے پاکستان جانے اور ہانیہ عامر سے ملنے کی ویڈیوز پر پاکستانی اداکارہ نے بھی جواب دے دیا۔
ہانیہ عامر نے لندن میں صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہانیہ عامر ان سے ملنے پاکستان آئیں تو وہ خود اداکارہ کا انتظار ایئرپورٹ پر کریں گی۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر وقت خوش رہنا ان کی خوبصورتی کا راز ہے۔ ہانیہ عامر نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے بھی کہا کہ اگر انہیں وہاں سے پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کام کریں گی۔
راکھی ساونت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی اداکارہ انہیں بلائیں گی تو وہ ضرور بھارت جائیں گی۔
اسی طرح انہوں نے مزید کہا کہ اگر راکھی ساونت پاکستان آئیں تو وہ ان سے نہ صرف ملاقات کریں گی بلکہ انہیں کھانا بھی کھلائیں گی اور یہ کہ ایئرپورٹ پر وہ خود ان کا انتظار بھی کریں گی۔
ہانیہ عامر کی راکھی ساونت کے لیے جاری کردہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور پاکستان و بھارت کے سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
دوسری جانب ہانیہ عامر کی ایک تصویر بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں بظاہر کسی ایئرپورٹ کے باہر کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے ہاتھوں میں راکھی ساونت کے نام کا بینر بھی پکڑ رکھا ہے۔