• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

پنجاب میں مقیم افغانوں کو ملک بدری سے بچنے کیلئے یکم اپریل تک کوائف کی توثیق کی ہدایت

شائع February 17, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ پنجاب میں مقیم افغان شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم اپریل تک اپنے افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) اور ویزوں کی توثیق کروا لیں ورنہ ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا، دوسری جانب آئی جی پنجاب نے صوبے بھر کی پولیس سے گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے انکشاف کیا کہ پنجاب کے صوبائی حکام کی جانب سے ان افغان شہریوں کے بارے میں ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جن کے ویزے اور اے سی سیز کی مدت ختم ہو چکی ہے کیونکہ ان کے لیے دستاویزات کی تجدید کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

اے سی سی نادرا کی جانب سے رجسٹرڈ افغان شہریوں کو جاری کردہ شناختی دستاویز ہے، اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے مطابق اے سی سی پاکستان میں قیام کے دوران افغانوں کو عارضی قانونی حیثیت دیتا ہے۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) نے صوبہ پنجاب میں گرفتار افغان شہریوں کے حوالے سے تمام ڈویژنل پولیس سربراہان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام ریجنل پولیس افسران، سٹی پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ہونے والی گرفتاریوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ وہ افغان شہریوں کے نام، ایف آئی آر نمبر، متعلقہ تھانوں کے نام، جن لوگوں کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے یا جو ضمانت پر ہیں اور ان کی ٹرائل اسٹیٹس پر مشتمل رپورٹ بھیجیں۔

پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ پیر تک ای میل کے ذریعے گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات بھیجیں، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران جب بھی کسی غیر قانونی افغان شہری کو حراست میں لیا جاتا ہے تو اسے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا جاتا ہے اور اس کے بعد وہ اسے ملک بدری کے لیے گولڑہ کے علاقے کے قریب واقع کیمپ میں منتقل کر دیتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2021 میں طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد ہزاروں افغان شہری بھاگ کر پاکستان آگئے تھے، ان میں سے کچھ مبینہ طور پر دوسرے ممالک چلے گئے تھے لیکن ایک قابل ذکر تعداد اب بھی ملک میں رہتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025