29 برس بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ، شاندار انعقاد یقینی بنا کر عزت بڑھائیں گے، چیئرمین پی سی بی
انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، کل پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سجے گا، پہلا مقابلہ کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا، جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے لیے پوری طرح تیار ہے، تمام ٹیموں کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
پی سی بی کے مطابق کل پاکستان ایئر فورس شیر دل شو کا شاندار فضائی مظاہرہ کرے گی، چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور قذافی اسٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈوائزر عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، ڈائریکٹر سیکیورٹی، ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر، ڈائریکٹر ایچ آر و ایڈمن، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، ہیڈ آف آئی ٹی، ہیڈ آف ویمنز ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے پوری طرح تیار ہے، تمام ٹیموں کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے لیے ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 29 برس بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لیے باعث افتخار ہے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد یقینی بنا کر پاکستان کی عزت بڑھائیں گے۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ 2016 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے 2021 ایڈیشن کو ابتدائی طور پر ختم کر دیا تھا، اور 50 اوور کے ورلڈکپ کو ترجیح دی گئی تھی، اور کھیل کے تین عالمی فارمیٹس میں سے ہر ایک میں صرف ایک بڑا ٹورنامنٹ کروانے کا خواہاں تھا۔
آئی سی سی نے 2021 کے آخر میں اپنے فیصلے کو تبدیل کر دیا تھا، بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد طویل مشاورت اور متعدد اجلاسوں کے بعد روایتی حریف پاکستان اور بھارت نے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے لیے ایک دوسرے کا دورہ نہ کرنے کے فیصلہ کیا، اس طرح بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے گا۔
8 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے نویں ایڈیشن کا انعقاد پاکستان میں 19 فروری بروز بدھ کو گرین شرٹس اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا۔