• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:53pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:18pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:53pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:18pm

’پاکستان میں اسمارٹ فونز لوگوں کا قیمتی وقت نگل رہے، اسکرین بے بی سیٹر بن چکی‘

شائع February 22, 2025
پینل ڈسکشن میں ڈاکٹر خالدہ تنویر، نرگس اسد، کریم احمد خواجہ، واشدیو امر، عفت سلطانہ، نوشین شہزاد اور عروسہ طالب شریک ہیں
—فوٹو: وائٹ اسٹار
پینل ڈسکشن میں ڈاکٹر خالدہ تنویر، نرگس اسد، کریم احمد خواجہ، واشدیو امر، عفت سلطانہ، نوشین شہزاد اور عروسہ طالب شریک ہیں —فوٹو: وائٹ اسٹار

تعلیم اور سماجی علوم میں تحقیق پر 2 روزہ تیسری عالمی کانفرنس (جی سی او آر ای ایس ایس) 2025 جمعہ کو شروع ہوئی، جس میں تعلیم، پرورش، زبان اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بارے میں کچھ دلچسپ مباحثے اور پریزنٹیشنز دیکھنے کو ملیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس تقریب کا اہتمام شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (زیبسٹ) نے ’پائیدار مستقبل کے لیے شمولیت اور روشن خیالی کو فروغ دینے‘ کے موضوع پر کیا تھا۔

سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر کریم احمد خواجہ نے ڈیجیٹل دور میں نوعمر بچوں کی پرورش کے موجودہ چیلنجز کے بارے میں ایک پینل مباحثے کے دوران کہا کہ پہلے ڈیجیٹل دور اور اب مصنوعی ذہانت کے معیار کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

پہلے، دوسری قسم کی لت ہوا کرتی تھی، لیکن اب ہمیں اسمارٹ فون کی لت ہے، اس کے علاوہ سائبر ہراسانی، آن لائن گیمز وغیرہ بھی ہیں، ڈیجیٹل دور میں نشے سے نمٹنے کے لیے والدین، بچوں اور اسکول کے اساتذہ میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں یہ قانون ہے کہ بچوں کو 16 سال کی عمر تک سوشل میڈیا پر آنے یا آن لائن گیمز کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔

اسکرین بے بی سیٹر بن چکی

آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) میڈیکل کالج کے شعبہ نفسیات کی عبوری چیئر ڈاکٹر نرگس اسد نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اب اس قدر قابل رسائی ہو چکی ہے کہ انسان اس میں اتنا مشغول ہو جاتا ہے کہ وقت ضائع ہو جاتا ہے۔

والدین بھی اپنے بچوں کو گود سے ہی اس کی شروعات کرواتے ہیں، اگر بچہ رونے لگے تو ماں اسے اپنا اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ دے گی، اسکرین ایک بے بی سیٹر بن گئی ہے، کیوں کہ چھوٹے بچوں کو انٹرنیٹ پر موجود تمام چیزوں سے قبل از وقت واقفیت مل جاتی ہے۔

بچوں کو مطمئن کرنے کے لیے کھلونوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟ اس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو گود سے گیجٹس کا سامنا نہ کرنے دیں۔

ڈاؤ میڈیکل کالج اور ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کے شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر واشدیو امر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین اب اپنے بچوں سے بات نہیں کر رہے ہیں، وہ ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں، لیکن وہ اپنے فون میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے بارے میں نہیں ہے، یہ ان کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کے بارے میں ہے۔

اقرا یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبر ڈاکٹر عفت سلطانہ (جو ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا ایک بچے کی والدہ بھی ہیں) نے اپنی بیٹی کے ساتھ اپنے تجربے کے بارے میں بتایا، جو انٹرنیٹ کا بہت زیادہ استعمال کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ اس کا اسکرین ٹائم بڑھ رہا ہے، لیکن وہ اس کی بدولت اطالوی اور جرمن بول سکتی ہے، وہ اسے سیکھنے کے ذریعہ کے طور پر استعمال کرتی ہے، لہٰذا میں اسے روک نہیں سکتی، لیکن میں نے ایک کام کیا ہے جو اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو اپنے ای میل سے بنایا ہے، تاکہ میری نگرانی رہے۔

تعلیمی ماہر نفسیات اور ٹرینر ڈاکٹر نوشین شہزاد کے خیال میں بچے کی پرورش کے لیے گاؤں کی ضرورت ہوتی ہے، صرف ماں اور باپ ہی کافی نہیں ہیں، اس لیے میں خاندانوں پر زور دیتی ہوں کہ وہ اپنی اقدار کو خود تک محدود نہ رکھیں۔

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کی ماہر نفسیات ڈاکٹر عروسہ طالب نے نشاندہی کی کہ یہ انسانی فطرت ہے کہ آپ کو ایسی جگہوں یا چیزوں کی طرف کھینچا جائے، جن سے آپ کو دور رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر عجیب و غریب رویے آپ کی پوسٹس کو وائرل کر سکتے ہیں، یہاں منفیت تیزی سے پھیلتی ہے، جب کہ مثبت مواد میں وقت لگتا ہے، بچوں میں آگاہی پھیلانے کے لیے کھلی بات چیت اور خود آگاہی کلیدی ہے۔

’سندھی سے زیادہ اردو کی معدومی کا خطرہ‘

مادری زبانوں کا عالمی دن ہونے کی وجہ سے اس دن کا آخری پینل ڈسکشن ’مصنوعی ذہانت کے دور میں سندھ کی مقامی زبانوں کو درپیش چیلنجز اور مواقع‘ کے موضوع پر مناسب اور دلچسپ تھا۔

بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس اینڈ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر مظہر علی ڈوٹیو نے کہا کہ سندھی ہزاروں سال سے بولی جاتی ہے، سندھی صوبے کی مقامی زبان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھی زبان میں لکھے گئے بہت سے ادب اور کتابوں کے ساتھ اس کی اپنی ثقافت اور شناخت ہے، ترقی یافتہ ممالک اپنی زبان میں بات کرتے ہیں اور اب مصنوعی ذہانت زبان کا ترجمہ کر سکتی ہے، جو سندھی سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔

الیکسا ٹرانسلیشنز کے سینئر این ایل پی سائنسدان ڈاکٹر تاثیر احمد نے بھی کہا کہ مصنوعی ذہانت کا دور کمپیوٹر پر سندھی استعمال کرنے کا ایک عمدہ موقع ہے، پہلے، انٹرنیٹ پر تمام معلومات انگریزی میں حاصل کی جا سکتی تھیں، لیکن مصنوعی ذہانت اب اتنی پختہ ہو چکی ہے کہ ہم اسے استعمال کرتے ہوئے زبان کے عمل کو نافذ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی کے پاس زبان کی شناخت کا آپشن موجود ہے، لہٰذا یہ اردو اور سندھی میں بھی جواب دینے کے قابل ہے۔

مصنف ڈاکٹر آفتاب ابڑو نے کہا کہ سندھی سے زیادہ اردو کے معدوم ہونے کا خطرہ ہے، اردو میں کوئی مناسب گرامر نہیں ہے، یہ عربی، فارسی، ہندی اور انگریزی الفاظ پر مبنی ہے، یہ ایک الجھی ہوئی زبان ہے اور ہر کوئی اردو کا اپنا ورژن بول رہا ہے، جب کہ کوئی بھی اس بات کی نگرانی نہیں کر رہا کہ قومی زبان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، یا یہ کہاں جا رہی ہے؟۔

اس سے قبل ایک اور پینل ڈسکشن میں ادارہ تعلیم و آگہی کی چیف ایگزیکٹیو بیلا رضا جمیل، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر شاہ پارہ رضوی، ڈیف ریچ کے ہارون اوسن، کیمبرج یونیورسٹی میں ایجوکیشن اینڈ انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کے پروفیسر ریکارڈو اسبیٹس نے مساوی تعلیمی نظام کی تعمیر میں تشخیص کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

آخر میں جنوبی افریقہ کی نارتھ ویسٹ یونیورسٹی کی ڈاکٹر اینا میری پیلسر اور امریکا کی آئیووا یونیورسٹی کی ڈاکٹر کولون کیرولین نے آن لائن خطاب کیا اور پریزنٹیشن دی۔

اس سے قبل معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر عشرت حسین، معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر اے ایچ نیر، انڈونیشیا کی آتما جیا، کیتھولک یونیورسٹی کی ڈاکٹر لینا سلیم اور آن لائن شمولیت اختیار کرنے والی پروفیسر سارہ فرانسس دیبورا انصاری نے کلیدی خطاب کیا۔

ڈاکٹر الطاف مکاتی، ڈاکٹر وکٹوریہ جوزف، ڈاکٹر خالدہ تنویر اور امین جویو نے بھی خطاب کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 فروری 2025
کارٹون : 21 فروری 2025