ماہرہ خان کی شوہر کے ہمراہ ڈانس ویڈیوز وائرل
معروف اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے شوہر سلیم کریم کے ہمراہ بھارتی گانوں پر شادی کی تقریب میں ڈانس کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیوز میں ماہرہ خان کو ’انار کلی ڈسکو چلی‘ سمیت دیگر بھارتی گانوں پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مختصر ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو میں شوہر سلیم کریم بھی ماہرہ خان کے ہمراہ ڈانس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مذکورہ ویڈیوز ماڈل سکندر رضوی کی شادی کی تقریب کی ہیں۔
سکندر رضوی نے گزشتہ برس نکاح کیا تھا اور حال ہی میں ان کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز سامنے آئیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔
شادی کی تقریب کی ایک ویڈیو میں دلہا سکندر رضوی کو اداکار علی رحمٰن کے ہمراہ بھی ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کی شادی کی تقریبات میں ماہرہ خان نے بھی شوہر کے ہمراہ ڈانس کیا اور ان کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ خان کی ڈانس ویڈیوز پر نہ صرف اداکارہ بلکہ ان کے شوہر کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ خان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اچھے بھلے کاروباری شخص کو بھی ڈانس کرنے پر مجبور کیا۔
جہاں سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا، وہیں بعض مداحوں نے ماہرہ خان کی خوبصورتی اور لباس کی بھی تعریفیں کیں۔