گوگل کے مطابق میں اپنی والدہ سے 10 سال کم عمر ہوں، وینا ملک
مقبول اداکارہ، ماڈل و ٹی وی میزبان وینا ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر ان کی عمر سے متعلق غلط دعوے کیے جاتے ہیں، جن کے مطابق وہ اپنی والدہ سے صرف 10 سال کم عمر ہیں۔
وینا ملک نے حال ہی میں اپنی سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اتنی زائد العمر نہیں، جتنا گوگل انہیں بتاتا ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وینا ملک نے شادی پر بھی بات کی اور ایک بار پھر واضح کیا کہ ان کا فوری طور شادی کا کوئی ارادہ نہیں لیکن اگر قسمت میں ان کی شادی لکھی ہے تو پھر وہ اسے ٹال نہیں سکتیں۔
ان کے مطابق انہوں نے ابھی شادی سے متعلق سوچا ہے نہ فیصلہ کیا ہے لیکن جب بھی ایسا کچھ کریں گی تو پہلے ہی میڈیا کو آگاہ کریں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور گلوکارہ بھی قسمت آزمانے کی کوشش کی جب کہ انہوں نے نعت خوانی میں بھی قسمت آزمائی لیکن انہیں کامیابی نہ مل سکی۔
انہوں نے خود کو غیر سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
کرکٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وینا ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جس شخص کو کرکٹ کا اے بی سی بھی معلوم نہیں ہوتا، وہ بھی کرکٹ دیکھتا ہے اور وہ بھی ایسی ہی کرکٹ کی مداح ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی سالگرہ کی درست تاریخ 20 فروری ہے اور وہ صبح پانچ بجے پیدا ہوئی تھیں۔
انہوں نے اپنی پیدائش کا سال بتانے سے گریز کرتے ہوئے صحافیوں کو خبردار بھی کیا کہ ان سے ان کی پیدائش کا سال نہ پوچھا جائے۔
وینا ملک نے اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گوگل اور انٹرنیٹ پر ان کی عمر غلط لکھی ہوئی ہے، وہاں پر ان کی سالگرہ کی تاریخ بھی غلط ہے۔
جب انہیں بتایا گیا کہ گوگل پر ان کی عمر 48 سال لکھی ہوئی ہے تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ گوگل کےمطابق وہ اپنی والدہ سے صرف 10 سال چھوٹی ہیں۔
وینا ملک نے دعویٰ کیا کہ گوگل اور انٹرنیٹ پر ان کی عمر غلط لکھی ہوئی ہے، تاہم انہوں نے اپنی درست عمر نہیں بتائی لیکن واضح کیا کہ ان کی سالگرہ کا دن 20 فروری ہے۔