پاک-بھارت مقابلہ: ٹیم پوری طرح تیار، امید ہے میچ جیتیں گے، محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاک-بھارت میچ سے قبل کہا ہے کہ ہماری ٹیم پوری طرح تیار ہے، کھلاڑی فارم میں ہیں، مجھے پوری امید ہے پاکستان جیتے گا۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم پوری طرح تیار ہے اور کھلاڑی فارم میں ہیں، مشکلیں آتی ہیں لیکن مجھے پوری امید ہے پاکستان جیتے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ جیتیں یہی ہاکستان کے لیے بڑا انعام ہے، پاکستان ٹیم ہارے یا جیتیں ہم اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں۔
صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ اگر پاک-بھارت میچ لاہور میں ہو رہا ہوتا تو کیسا لگتا، جس پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ بھارتی فین سے پوچھنا چاہیے کہ میچ پاکستان ہوتا تو انہیں کیسا لگتا۔
لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں بھارتی ترانہ بجنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی تمام میچز کے انتظامی امور سنبھالے ہوئے ہے، پاکستان نے آج 22 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس وقت دبئی میں موجود ہیں، جہاں دونوں ٹیمیوں نے کل کے ہائی وولٹیج میچ کے لیے زبردست تیاری کر رکھی ہے اور شائقین کرکٹ سمیت دونوں ممالک کے سابق کھلاڑی بھی اس میچ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔