بشریٰ انصاری اپنی بیٹیوں کو یاد کرکے آبدیدہ کیوں ہوئیں؟
معروف اداکارہ بشریٰ انصاری ایک ویڈیو میں اپنی بیٹیوں کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ اب بچوں کا احساس ہوتا ہے کہ ان کا آسمان اور ہے اور ہمارا اور تاہم جیسے میری ترجیح میری بیٹیاں ہیں ویسے ہی ان کی ترجیح ان کے بچے ہیں۔
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بنیادی پہچان تو اداکاری ہے تاہم وہ گلوکاری کے میدان میں بھی اپنا لوہا منواچکی ہیں اور اب تو وہ وی لاگر بھی بن چکی ہیں۔
اداکارہ کے یوٹیوب چینل پر سبسکرائبرز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زائد ہے، جب کہ 8 لاکھ سے زائد افراد انہیں انسٹاگرام پر فالو کرتے ہیں۔
وہ اپنے وی لاگز میں اپنی نجی زندگی سمیت بیرون ملک کے دورے میں بھی اپنے مداحوں سے جڑی رہتی ہیں اور اپنے وی لاگز میں اپنی زندگی کا احوال شیئر کرتی رہتی ہیں۔
حالیہ وی لاگ میں بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں زیادہ تر سفر اسپانسرڈ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں کنجوس ہوں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ کام کی وجہ سے سفر زیادہ کرنا پڑا، مثال کے طور پر اگر میں نے 70 مرتبہ سفر کیا ہے، تو 60 مرتبہ اسپانسرڈ کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا مجھے کبھی بھی بیرون ملک رہنے کا شوق نہیں رہا، تاہم 80 کی دہائی میں سابقہ شوہر اور امریکا میں مقیم بڑی بہن کے کہنے پر بیرون ملک بسنے کے لیے تیار ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وہاں جانے کے 10 ، 12 دن بعد ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ یہاں ہمیشہ نہیں رہوں گی کیوں کہ وہاں کی اتنی سخت زندگی نہیں گزار سکتی تھی۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ میری بڑی خواہش تھی کہ بیٹی بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے جائے، تاہم اللہ نے اس کے لیے کچھ اور سوچا تھا، وہ شادی کے بعد اپنے بچوں کے ساتھ ہی مصروف ہوگئی۔
ان کا بھرّائی ہوئی آواز میں کہنا تھا کہ کبھی کبھی دل کرتا ہے میری بچیاں واپس لوٹ آئیں، وہ اتنی دور چلی گئی ہیں کہ چاہ کر بھی کچھ نہیں کر سکتے، مگر وہ بہت یاد آتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے نواسے، نواسیاں اب بڑے ہوگئے ہیں، تو بچیوں کی ترجیحات بھی بدل گئی ہیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا جیسے میری ترجیح میری بیٹیاں ہیں ویسے ہی ان کی ترجیح ان کے بچے ہیں اور یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہر دور میں ایسا ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو معمول کے کاموں کے ساتھ اپنے والدین پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیٹیوں کی شادیاں تو پاکستان ہی میں کی تھیں تاہم ان کا نصیب انہیں بیرون ملک لے گیا۔ انہوں نے اپنی بیٹیوں اور نواسے نواسیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اب سمجھ آیاکہ ان کا آسمان اور ہے اور ہمارا اور۔
دوسری جانب صارفین نے اپنی پسندیدہ اداکارہ کو آبدیدہ دیکھ کر ان کے اور ان کی بیٹیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


