سعودیہ کے یوم تاسیس پر روایتی رقص ’عرضہ‘ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم
سعودی عرب میں یوم تاسیس کی تقریبات کے دوران روایتی رقص ’عرضہ‘ کی سب سے بڑی پرفارمنس منعقد کرکے ’گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا گیا۔
عرب نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے روایتی رقص ’عرضہ‘ پرفارم کرنے کے لیے 633 افراد شریک ہوئے۔
ریاض کے العدل پلازہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں 50 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، جب کہ یہ جشن 20 سے 23 فروری تک جاری رہا۔
سعودیہ یوم تاسیس کی سب سے اہم بات ’عرضہ‘ پر پرفارمنس تھی، جس میں 633 فن کاروں نے ایک ساتھ شرکت کی جو دنیا میں اس نوعیت کی سب سے بڑی پرفارمنس بن گئی اور گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج ہوگیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کا روایتی رقص عرضہ ایک مستحکم قومی روایت کی علامت ہے، جو قومی شناخت پر فخر، عوامی ورثے کی اہمیت اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا عکاس ہے۔
عرضہ کے ساتھ تقریبات میں ثقافتی ورثے کی نمائش بھی شامل تھی، جس میں شرکا نے تصاویر، دستاویزات اور بصری ڈسپلے کے ذریعے سعودی عرب کی تاریخ کا جائزہ لیا۔
نمائش میں لوگ بصری ڈسپلے اور تاریخی دستاویزات کے ذریعے سعودی تاریخ کا جائزہ بھی لے سکے۔
اس موقع پر مخلتف زمانوں میں سعودی عرب کے فرماں رواؤں، بادشاہوں اور ان کے ادوار میں ترقیاتی سفر پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
سعودی عرب کا یوم تاسیس ہر سال 22 فروری کو منایا جاتا ہے۔
2022 میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے اس دن پر قومی تعطیل کا اعلان کیا تھا تاکہ اس تاریخی لمحے کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔
یہ جشن نہ صرف ماضی کا اشارہ ہے بلکہ گزشتہ برسوں کے دوران مملکت کی قابل ذکر ترقی اور ترقی پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔
تقریبات میں انٹرایکٹو ٹائم ٹریول کا تجربہ بھی شامل تھا، جس کے ذریعے شرکا سعودی عرب کے قیام کے مراحل سے عملی طور پر سفر کرسکے۔
سعودی عرب کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور جشن منانے کے لیے مملکت کے عزم کا ثبوت ہے۔