گووندا نے طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی
ماضی کے مقبول بھارتی اداکار گووندا نے اہلیہ سے شادی کے 37 سال بعد طلاق پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مکمل توجہ آنے والی فلم پر ہے۔
خبریں ہیں کہ گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان اختلافات ہیں اور دونوں کافی عرصے سے علیحدہ زندگی گزار رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان طلاق کے قانونی معاملات شروع ہو چکے ہیں جب کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بھی دکھائی نہیں دیتے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنیتا آہوجا نے کچھ عرصہ قبل ہی شوہر گووندا کو علیحدگی کا نوٹس بھجوادیا تھا، تاہم اس پر دونوں طرف سے مزید کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ساٹھ سال کی عمر کو پہنچنے والے گووندا کا مبینہ طور پر خود سے آدھی عمر کی 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے تعلقات کی وجہ سے دونوں میں اختلافات شدید ہوئے اور اب نوبت طلاق تک آن پہنچی ہے۔
طلاق کی خبروں پر جب بھارتی میڈیا نے گووندا سے رابطہ کیا تو انہوں نے کوئی واضح جواب دینے کے بجائے بات کو گول کردیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق طلاق کے سوال پر گووندا نے ٹائمز آف انڈیا کو مبہم جواب دیا اور بتایا کہ آج کل وہ صرف کاروبار کی باتیں کر رہے ہیں، کیوں کہ جلد ہی وہ اپنی فلمیں شروع کرنے والے ہیں۔
انہوں نے طلاق سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا، انہوں نے خبروں کی تردید کی نہ ان کی تصدیق کی۔
دوسری جانب ان کی اہلیہ کو بھی میڈیا نے طلاق سے متعلق سوالات بھجوائے، جس پر سنیتا آہوجا نے کوئی جواب نہیں دیا۔
ادھر گووندا کے منیجر نے تصدیق کی کہ دونوں کے درمیان اختلافات اور کشیدگی ضرور ہے لیکن طلاق تک نوبت نہیں پہنچی۔
اداکار کے منیجر کا کہنا تھا کہ دونوں طرف سے ایک دوسرے کے لیے سخت الفاظ اور جملوں کا تبادلہ جاری رہا، جس وجہ سے معاملہ مزید کشیدہ بنا لیکن دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں۔
گووندا کی عمر 60 سال کے قریب ہے اور ان کا شمار ماضی کے مقبول اور مصروف بھارتی اداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ڈانس اور کامیڈی فلموں کی وجہ سے شہرت حاصل رہی۔