آپریشن ’سوئفٹ ریٹارٹ‘ کو 6 سال مکمل، آئی ایس پی آر نے گانا جاری کردیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے آپریشن ’سوئفٹ ریٹارٹ‘ کو 6 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گانا جاری کردیا۔
آپریشن ’سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے تحت پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو بھارتی دراندازی کا تاریخ ساز دفاع کیا تھا۔
اس سے قبل 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے جعلی سر جیکل اسٹرائیک کا ڈراما رچایا تھا۔
بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کےنام پر رات میں پاکستانی فضائی حدودکی خلاف ورزی کی، مودی نے طیاروں کے بادلوں میں چھپ کر کارروائی کرنے کا مضحکہ خیز بیان دیا تھا۔
پاک فضائیہ کے جوانوں نے 27 فروری کو ایک بھارتی طیارہ مار گرایا اور وِنگ کمانڈر ابھی نندن کو قیدی بنالیا تھا، جسے بعد ازاں بھارت کے حوالے کیا گیا تھا۔
ابھی نندن کی گرفتاری، اسے پاک فوج کی جانب سے مہمان کے طور پر رکھنے اور چائے پلانے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی اس وقت وائرل ہوئی تھیں۔
اب پاک فوج نے مذکورہ آپریشن کو 6 سال مکمل ہونے پر ’دشمناں سن‘ نامی گانا جاری کردیا۔
گلوکار کامران اکھن کی جانب سے گائے گئے جانے میں تینوں افواج کو وطن کی حفاظت اور جوانوں کو سر کی بازی کھیلتے دکھایا گیا ہے۔
گانے کی شاعری احمد عظیم نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی علی مصطفیٰ پروڈکشن نے ترتیب دی ہے۔
گانے کو آئی ایس پی آر کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا، جہاں اسے چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھا گیا۔