مذہب کی جانب راغب ہونے کا کیریئر پر اثر پڑا، فرحان علی آغا
معروف اداکار فرحان علی آغا کا کہنا ہے کہ جب ان کی زندگی میں بدلاؤ آیا اور وہ مذہب کی طرف راغب ہوئے تو اس کا اثر ان کے کیریئر پر بھی پڑا۔
فرحان علی آغا نے حال ہی میں ’فوشیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کے حوالے سے گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر موقع ملا تو میں جم کھولوں گا، تاہم اس حوالے سے کوئی جلد بازی نہیں کرسکتا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے یہ سوچ لینا چاہیے کہ اس کا انجام کیا ہوگا۔
ان کے مطابق موجودہ دور کے برعکس ماضی میں لوگ اداکاری کو سنجیدہ پروفیشن نہیں سمجھتے تھے۔
فرحان علی آغا نے بتایا کہ میں اپنی والدہ کے مقابلے میں والد سے انتہائی قریب تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ والد اتنے وجیہہ تھے کہ شوبز انڈسٹری میں ان جیسا کوئی نہیں دیکھا۔
انہوں نے والد کے دنیا سے جانے کے غم کے حوالے سے کہا کہ وہ ناقابل برداشت تھا، ان کے جانے کے بعد میں کچھ دنوں تک ہر ایک سے قطع تعلق ہوگیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ والدہ سخت مزاج تھیں اور انہیں یہ فکر رہتی تھی کہ میرا مستقبل کیسا ہوگا۔
تاہم والد کی وفات کے بعد ایسا وقت بھی آیا کہ میں والدہ سے بےحد قریب ہوگیا اور پھر وہ میرے بغیر کھانا تک نہیں کھاتی تھیں۔
اداکار نے بتایا کہ مذہب کی طرف راغب ہونے کا کیریئر پر کافی اثر پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اللہ نے ہر چیز سے نوازا اور لوگوں کی ہزارہا کوششوں کے باوجود کبھی کسی چیز سے محروم نہیں رہا۔
فرحان علی آغا نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ درست سمت میں چل رہے ہوں تو کوئی آپ کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
شادی شدہ زندگی کی کامیابی پر اداکار کا کہنا تھا کہ ساتھ رہنے سے محبت مضبوط ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری ارینج میرج تھی، تاہم اہلیہ نے اپنے مزاج سے مجھے بدل دیا۔
فرحان علی آغا کے مطابق حقیقی محبت میں ایک انسان دوسرے کو اس کی کوتاہیوں، خامیوں اور کمیوں کے ساتھ اپناتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محبت میں انسان اپنے آپ کو بخوشی بدلتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمایوں سعید سے پہلی ملاقات امریکا میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہوئی اور اسی وقت سے دوستی بھی ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید آج جس مقام پر ہیں انہوں نے وہاں پہنچنے کے لیے کڑی محنت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اتنی شہرت حاصل کرنے کے باجود ہمایوں سعید منکسرالمزاج ہیں حالاں کہ اس سطح کی شہرت حاصل کرنے کے بعد اکثر لوگ بد مزاج ہوجاتے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے شوبز انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 2003 میں جب میرے ساتھ ایک حادثہ پیش آیا تو اندازہ ہوا کہ یہ کتنے خیال کرنے والے لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں انتہائی حساس لوگ ہوتے ہیں، جو مصیبت میں ایک دوسرے کے کام بھی آتے ہیں۔