عثمان مختار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
اداکار عثمان مختار اور زنیرہ انعام کے ہاں شادی کے چار سال بعد بچے کی پیدائش ہوگئی۔
دونوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔
اداکار نے انسٹاگرام پوسٹ میں بچے اور اپنے ہاتھوں کی انگلیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش سے متعلق مداحوں کو بتایا۔
عثمان مختار نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کا نام سیرا انعام مختار رکھا ہے جو کہ پشتو زبان کا لفظ ہے اور اس کی معنی ’چھاؤں‘ ہے۔
اداکار نے لکھا کہ ان کے ہاں چند دن قبل ہی بیٹی کی پیدائش ہوئی، تاہم انہوں نے بیٹی کی تاریخ پیدائش نہیں بتائی۔
اداکار نے بیٹی کی پیدائش پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے مداحوں سے اہلیہ اور بچی کی صحت کے لیے دعائیں کرنے کی درخواست بھی کی۔
اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش کہاں ہوئی اور اب بچہ و زچہ کی صحت کیسی ہے؟ تاہم انہوں نے نیک خواہشات پر سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عثمان مختار کی پوسٹ پر شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے انہیں والد بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی اہلیہ اور بچے کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
عثمان مختار نے زنیرہ انعام سے مارچ 2021 میں نکاح جب کہ اکتوبر 2021 میں شادی کی تھی، دونوں کے شادی سے قبل کچھ عرصے تک تعلقات تھے۔
شادی کے چار سال بعد دونوں کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی۔