ہولی وڈ اداکارہ مشیل ٹریچن کی لاش گھر سے برآمد
ہولی وڈ امریکی اداکارہ 39 سالہ مشیل ٹریچن کی گھر سے لاش برآمد ہونے پر شوبز شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے ان کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایجنسی پریس فرانس‘ (اے ایف پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریسکیو اہلکاروں نے ایمرجنسی فون کال موصول ہونے پر مشیل ٹریچن کے فلیٹ پر پہنچے کر انہیں مردہ حالت میں پایا۔
رپورٹ میں امریکی نشریاتی اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہسپتال لائے جانے پر ڈاکٹرز نے اداکارہ کی موت کی تصدیق کی۔
پولیس نے ابتدائی طور پر بتایا کہ اداکارہ کی موت کے حوالے سے کسی بھی غلط چیز یا کھیل کا کوئی شبہ نہیں، کمرے میں کسی طرح کی کوئی مشکوک چیز نہیں دیکھی گئی اور نہ ہی اداکارہ کے جسم پر کوئی مشکوک چیزیں تھیں۔
اے ایف پی نے امریکی نشریاتی ادارے ’اے بی سی نیوز‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مشیل ٹریچن نے کچھ عرصہ قبل ہی جگر کی پیوندکاری کروائی تھی اور وہ متعدد طبی پیچیدگیوں کا شکار بھی تھیں۔
ڈاکٹرز، پولیس اور رشتے داروں نے ابتدائی طور پر اداکارہ کی موت کو طبعی قرار دیا ہے اور کسی بھی قسم کے شک کا اظہار نہیں کیا۔
اداکارہ کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے لیے دعائیں بھی کیں۔
مشیل ٹریچن نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے بچپن میں ہی امریکی ٹی وی ڈراموں سمیت ہولی وڈ فلموں میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔
مشیل ٹریچن نے ہولی وڈ کی نامور شخصیات کے ساتھ بھی کام کیا اور ان کا شمار امریکا کے چند معروف ترین چائلڈ آرٹسٹس میں ہوتا تھا۔
مشیل ٹریچن کی موت کے بعد معروف ہولی وڈ شخصیات نے سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کرتے ہوئے ان کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔
ان کی موت کے بعد مداحوں نے ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ہفتہ قبل شیئر کی جانے والی تصاویر پر کمنٹس کرتے ہوئے اظہار افسوس بھی کیا۔