آسکر ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکار اور اہلیہ کی لاش برآمد
’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکار 95 سالہ جین ہیک مین اور ان کی اہلیہ 63 سالہ بٹسی اراکاوا کی پالتو کتے سمیت گھر سے لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جین ہیک مین اور ان کی اہلیہ بٹسی اراکاوا کی لاشیں ریاست نیو میکسیکو کی ان کی رہائش گاہ سے ملیں، جہاں جوڑا پرسکون زندگی گزار رہا تھا۔
خبر میں پولیس اور مقامی انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر دونوں کی موت سے متعلق گھر سے کوئی بھی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی، تاہم تحقیق شروع کردی گئی۔
بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ دونوں کی رہائش گاہ سے بعض مشکوک چیزیں برآمد ہوئی ہیں، جن سے خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ دونوں کو قتل کیا گیا ہوگا۔
خبر رساں ادارے ’ایجنسی پریس فرانس‘ (اے ایف پی) کے مطابق پولیس نے گھر کی تلاشی کے دوران پایا کہ دونوں میاں اور بیوی کی لاشیں الگ الگ کمروں سے ملیں جب کہ پالتو کتے کی لاش بھی تیسری جگہ سے ملی۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر دونوں میاں اور بیوی کو منظم منصوبہ بندی کے ذریعے قتل کیا گیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے کوئی واضح شواہد نہیں ملے۔
جین ہیک مین نے 1960 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔
انہیں شاندار اداکاری پر دو بار ’آسکر‘ ایوارڈ بھی دیا گیا، انہوں نے پہلا آسکر ایوارڈ 1971 کی فلم ’دی فرینچ کنیکشن‘ جب کہ دوسرا ایوارڈ 1992 کی فلم ’ویسٹرن انفورگون‘ پر دیا گیا۔
جین ہیک مین نے 1991 میں خود سے 30 سال کم عمر بٹسی اراکاوا سے شادی کی تھی اور انہوں نے 2004 میں اداکاری کو خیرباد کہ کر پرسکون زندگی گزارنا شروع کی تھی۔