اداکار سعد قریشی کے ہاں بچے کی پیدائش
سال 2024 کے مقبول ڈرامے ’بسمل‘ میں موسیٰ کا کردار ادا کرنے سے شہرت حاصل کرنے والے سعد قریشی کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی۔
سعد قریشی نے 28 فروری کو انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے والد بننے کی تصدیق کی۔
انہوں نے بچے کے ہاتھوں میں اپنی انگلی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کی تصدیق کی۔
سعد قریشی نے اگرچہ اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں بچی کی پیدائش کب ہوئی اور اب زچہ و بچہ کی صحت کیسی ہے؟
اداکار کی جانب سے اپنے ہاں بچے کی پیدائش کی پوسٹ کیے جانے پر شوبز شخصیات نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کی بچی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شوبز شخصیات کے علاوہ مداحوں نے بھی ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں والد بننے پر مبارک باد پیش کی۔
بعض مداحوں نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ ’بسمل‘ میں کسی کے بیٹے بننے والے اب خود والد بن گئے۔
دسمبر 2024 میں سعد قریشی نے ’بسمل‘ کی مقبولیت اور ڈرامے میں اپنی خودکشی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہڈرامے میں ان کی خودکشی اور موت کو دکھانے کے بعد جب خواتین نے انہیں حقیقت میں زندہ دیکھا تو وہ خوش ہوئیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ زائد العمر خواتین نے انہیں حقیقت میں زندہ دیکھنے کے بعد نہ صرف محبتیں دیں بلکہ وہ انتہائی خوش بھی ہوئیں۔