انجلین ملک کی کیموتھراپی جاری، شوبز شخصیات کا نیک خواہشات کا اظہار
اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر و ہدایت کارہ انجلین ملک نے مداحوں کو اپنی بیماری سے متعلق اپڈیٹ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی تین کیموتھراپیز مکمل ہوگئیں۔
انجلین ملک نے فروری میں اپنی جیولری کلیکشن متعارف کراتے ہوئے سر کے بالوں کے بغیر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
بعد ازاں اداکارہ کو سر کے بالوں کے بغیر ہی فیشن شو میں کیٹ واک کرتے بھی دیکھا گیا۔ اب اداکارہ نے کیموتھراپی سیشن کے دوران کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بیماری سے متعلق اپڈیٹ دی۔
اداکارہ نے بتایا کہ 6 مارچ تک ان کے کیموتھراپی کے تین سیشن مکمل ہوچکے تھے اور ان کے مزید سیشن ہونے ہیں۔
انجلین ملک نے کیپشن میں مزید لکھا کہ ہر لڑائی انسان کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
اس سے قبل انہوں نے ماہ رمضان المبارک کے آغاز میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔
انجلین ملک کی جانب سے کیموتھراپی سیشن سے تصاویر شیئر کیے جانے پر مداحوں کے علاوہ شوبز شخصیات نے بھی تبصرے کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
ماہرہ خان نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرتے ہوئے لکھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اداکارہ مکمل صحت یاب ہوکر زندگی کی تمام خوشیاں حاصل کریں۔
اداکارہ امر خان نے بھی ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں جب کہ اشنا شاہ اور تارا محمود سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
مداحوں نے بھی انجلین ملک کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
انجلین ملک نے اگرچہ بتایا ہے کہ ان کا کینسر کا علاج جاری ہے، تاہم انہوں نے اس متعلق مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی کہ انہیں کس طرح کا کینسر لاحق ہوا ہے اور بیماری کون سی اسٹیج پر ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ اپنا علاج کہاں سے کروا رہی ہیں، تاہم خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر اداکارہ بیرون ملک سے علاج کروا رہی ہیں۔