نیلم منیر کی شادی کے بعد شوبز چھوڑنے کی خبروں پر وضاحت
کچھ عرصہ قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ نیلم منیر نے شوبز چھوڑنے کی خبروں پر وضاحت دے دی۔
نیلم منیر نے رواں برس 3 جنوری کو نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی تھی، بعد ازاں ان کی شادی کی دیگر تقریبات کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں۔
ان کی شادی سے متعلق خبریں تھیں کہ ان کی شادی کی تقریبات متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ہوئیں جب کہ بعض تقریبات کراچی میں بھی ہوئی تھیں لیکن اس حوالے سے اداکارہ نے کوئی وضاحت نہیں دی تھی۔
انہوں نے خود شوہر کے حوالے سے بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی، تاہم انہوں نے شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں ان کے شوہر کو عرب لباس میں دیکھا گیا۔
میڈیا رپورٹس اور شوبز شخصیات کے مطابق نیلم منیر نے پاکستانی نژاد کاروباری شخص محمد راشد سے شادی کی۔
بعد ازاں نیلم منیر نے 27 جنوری کو انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کام پر واپسی کا اعلان کیا تھا اور اب انہوں نے شوبز چھوڑنے کی خبروں پر وضاحت دے دی۔
نیلم منیر نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ شادی کے بعد انہوں نے شوبز کو خیرباد کہ دیا۔

انہوں نے لکھا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل شادی کی ہے لیکن وہ شوبز چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتی، شوبز میں کام کرنا ان کا شوق اور جذبہ ہے اور اس میں کام کیے بغیر نہیں رہ سکتیں۔
نیلم منیر نے واضح کیا کہ ان کے شوبز چھوڑنے کی خبریں جھوٹی ہیں، ایسی خبروں پر یقین نہ کیا جائے، اداکاری کرنا ان کا شوق ہے اور وہ اس چیز کے بغیر نہیں رہ سکتیں، جس سے وہ بے حد محبت کرتی ہوں۔