امیر گیلانی کو سگنل دیتی رہی پھر بھی اس نے اظہار محبت نہیں کیا، ماورا حسین
حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ ماروا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کافی عرصے تک ناز نخرے اور ادائیں دکھا کر امیر گیلانی کو محبت کے سگنل دیتی ہیں لیکن اس باوجود ان کے شوہر نے ان سے اظہار محبت نہیں کیا۔
ماورا حسین نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی محبت کی کہانی بتائی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ امیر گیلانی قدرے شرمیلے شخص ہیں، وہ کم بولتے ہیں، ان سے زیادہ بولا نہیں جاتا۔
ان کے مطابق اگر امیر گیلانی کسی سے چند منٹ تک بات کرلیں تو سمجھیں انہوں نے بہت زیادہ بات کرلی، وہ اس قدر خاموش رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امیر گیلانی اور ان کے درمیان انتہائی اچھے دوستانہ تعلقات تھے لیکن پھر وہ اداکار کو پسند کرنے لگیں۔
ماورا حسین کے مطابق جب وہ امیر گیلانی کو پسند کرنے لگیں تو ان کے سامنے ادائیں دکھانے اور ناز نخرے کرنے لگیں تاکہ وہ سمجھ جائیں کہ اداکارہ ان سے محبت کرتی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی جانب سے نخرے دکھانے کے باوجود ان کے شوہر نے ان سے اظہار محبت نہیں کیا۔
اداکارہ کے مطابق وہ خود بھی امیر گیلانی سے ڈر کے مارے اظہار محبت نہیں کر رہی تھیں، کیوں کہ انہیں یہ بھی ڈر تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو وہ ایک اچھے دوست سے بھی محروم ہوجائیں گی۔
ماورا حسین نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد امیر گیلانی کی والدہ نے انہیں بتایا کہ ان کا بیٹا ان سے محبت کرتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق انہیں ان کی ساس نے بتایا کہ امیر گیلانی نے آج تک کسی بھی لڑکی سے ایسے دوستی نہیں کی، کسی کا ایسا خیال نہیں رکھا۔
ماورا حسین نے بتایا کہ ان کی ساس نے انہیں بتایا کہ امیر گیلانی ان سے محبت کرتے ہیں اور پھر ان کی شادی ہوگئی۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کی جانب سے اظہار محبت ان کی والدہ نے کیا۔
خیال رہے کہ امیر گیلانی اور ماورا حسین نے چند سال تعلقات میں رہنے کے بعد فروری 2025 میں شادی کی تھی، دونوں کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔