مردوں کی چار شادیوں پر بات کرنے کی فضا علی کی ویڈیو وائرل
اداکارہ فضا علی کی جانب سے مذہب اسلام میں مرد حضرات کو چار شادیوں کی اجازت کی بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
فضا علی نے حال ہی میں اپنے رمضان پروگرام میں ایک موقع پر اسلام میں مرد حضرات کی چار شادیوں پر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھاکہ عورتیں کوئی آم کا درخت نہیں اور مردوں کو چار شادیاں کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ان کے مطابق اسلام میں صرف مرد کو چار شادیوں کی اجازت ہے، انہیں چار شادیاں کرنے کا حکم نہیں دیا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مشروط اجازت کے مطابق مرد ایسی کمزور، بے سہارا، غریب، طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین سے شادیاں کرے جنہیں اچھے مردوں کی ضرورت ہو۔
فضا علی کے مطابق اسلام نے مرد حضرات کو مسکین، بے سہارا، یتیم اور بچوں کی بیوہ یا طلاق یافتہ ماؤں سے شادیاں کرنے کی اجازت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی بے سہارا اور یتیم خواتین سے اس لیے شادیاں کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاکہ ان خواتین کو سہارا مل سکے اور وہ کسی غلط راستے پر نہ چلیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سارے مرد ایسے ہیں جو اپنی زیادہ شادیوں پر خوشی سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے تمام بیویوں کو خوش رکھا ہوا ہے۔
ان کے مطابق مرد کہتے ہیں کہ ان کی فلاں بیوی بھی خوش ہے اور فلاں بھی خوش ہے اور یہ کہ وہ مزید شادیاں کریں گے۔
فضا علی نے قدرے سخت لہجے میں کہا کہ کیوں مرد چار شادیاں کریں گے؟ مرد حضرات کو پہلی بیوی کو طلاق دے کر پھر دوسری شادی کریں۔
انہوں نے زیادہ شادیوں کے خواہش مند مرد حضرات کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آم کا درخت لگا ہوا ہے کیا؟ کہ چار چار شادیاں کریں گے؟
انہوں نے مرد حضرات کو مشورہ دیا کہ وہ ایک ہی شادی کریں اور ایک ہی کو خوش رکھیں، دوسری شادی کرتے وقت پہلی کو طلاق دیں۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مرد بیوہ یا طلاق یافتہ کا سہارا بننے کے لیے دوسری شادی کرتا ہے تو ٹھیک ہے، ورنہ عیاشی کے چکر میں دوسری شادی کرنے کی ضرورت نہیں۔