فیکٹ چیک: تھلاپتھی وجے کے اسلام قبول کرنے کا دعویٰ جھوٹا ہے
مختلف شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھارتی اداکار تھلاپتھی وجے سے متعلق دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔
دعوے کیسے شروع ہوئے؟
متعدد پاکستانی اور بھارتی شوبز سوشل میڈیا پیجز سمیت عام صارفین کے اکاؤنٹس پر 8 مارچ کو یہ دعویٰ کرنا شروع کیے گئے کہ تامل فلموں کے معروف اداکار تھلاپتھی وجے نے اسلام قبول کرلیا۔
آئی ویری فائی پاکستان نے دعووں کے سامنے آنے کے بعد تفتیش کی کہ کیا واقعی بھارتی اداکار نے اسلام قبول کرلیا؟
تفتیش کے بعد آئی ویری فائی پاکستان کی ٹیم اس نتیجے پر پہنچی کہ بھارتی اداکار سے متعلق دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے دعوے غلط ہیں، کسی بھی بھارتی اخبار، ویب سائٹ اور ٹی وی چینل نے ایسی کوئی خبر نہیں دی۔
اداکار سے متعلق 8 مارچ کو اس وقت دعوے کرنا شروع کیے گئے جب کہ انہیں چنئی میں مسلمانوں کے لیے رکھی گئی افطار پارٹی میں دیکھا گیا۔
اسی افطار پارٹی میں تھلاپھتی وجے کو مسلمانوں میں مقبول لباس شلوار اور قمیض میں دیکھا گیاجب کہ انہوں نے مسلمانوں سے اظہار کے لیے نماز کی ادائیگی بھی کی۔
تھلاپتھی وجے تامل فلموں کے مقبول ترین اداکار رہے ہیں، جنہوں نے فروری 2024 میں سیاست میں قدم رکھنے کی وجہ سے شوبز سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سیاست میں آنے کے بعد تھلاپتھی وجے کو نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر مذاہب کے افراد کی تقاریب میں بھی دیکھا جاتا رہا ہے۔
8 مارچ کو ٹک ٹاک پر ان کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا، مذکورہ ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔
اسی طرح ایکس کی ایک پوسٹ میں بھی ان کے اسلام قبول کرنے سے متعلق دعویٰ کیا گیا اور ساتھ ہی دعویٰ کیا گیا کہ تھلاپتھی وجے نے جمعیت علما اسلام فضل کی حمایت بھی کردی۔
ان کی نماز پڑھنے اور افطار پارٹی میں شرکت کرنے کی ویڈیوز کو یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔
تفتیش کا طریقہ کار
آئی ویری فائی پاکستان کی جانب سے تھلاپتھی وجے کے مسلمان ہونے کے دعووں کے بعد آن لائن تفتیش شروع کی گئی اور متعدد بھارتی نیوز ویب سائٹس کا جائزہ لیا گیا۔
ویب سائٹ منٹ نے بھی تھلاپتھی وجے کی افطار پارٹی میں شرکت کرنے اور نماز کی ادائیگی سے متعلق خبر دی لیکن اس میں ایسی کوئی بات نہیں تھی کہ اداکار نے اسلام قبول کرلیا۔
ٹائمز آف انڈیا نے بھی تھلاپتھی وجے سے متعلق خبر دی کہ انہوں نے مسلمانوں کے لیے افطار پارٹی کا انتظام کیا، جس میں انہوں نے نماز بھی ادا کی۔
رپورٹس کے مطابق تھلاپتھی وجے نے 7 مارچ کو چنئی میں مسلمانوں کے لیے گرینڈ افطار پارٹی کا انتظام کیا، جس میں اداکار نے روایتی لباس پہن کر شرکت کی۔
دعویٰ غلط ہے
فیکٹ چیکنگ سے معلوم ہوا کہ تھلاپتھی وجے کے مسلمان ہونے کا دعویٰ غلط ہے۔