حکومت کا چاول کی کنسائمنٹس پر میتھائل برومائیڈ کا چھڑکاؤ فوری روکنے کا فیصلہ

شائع March 11, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

حکومت پاکستان میں چاول کی کنسائنمنٹس پر میتھائل برومائیڈ کا چھڑکاؤ فوری طور پر روک رہی ہے، جس کے بعد چاول درآمد کرنے والے ممالک بین الاقوامی معیار کے مطابق یہ عمل خود انجام دے سکیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ پیر کو وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستانی چاول کی یورپ کو برآمد میں رکاوٹوں کے مسئلے کو حل کیا گیا۔

سیکریٹری وسیم اجمل چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں صوبوں، نجی کمپنیوں اور ملٹی نیشنل کارپوریشنز کے نمائندوں سمیت تمام شراکت داروں نے شرکت کی۔

اس پالیسی فیصلے سے پاکستانی چاول برآمد کنندگان کو براہ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے کیونکہ فیومیگیشن کی لاگت ختم ہوجائے گی جس سے اناج کی برآمدی قیمت کم ہوجائے گی اور مصنوعات عالمی منڈیوں میں زیادہ مسابقتی بن جائیں گی۔

اجلاس میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دیرینہ مطالبات کا بھی جائزہ لیا گیا، وزارت نے مزید کہا کہ شفاف اور منصفانہ تجارتی نظام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزارت نے اسپرے مافیا کے خاتمے اور زرعی اجناس کی تجارت میں کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت کارروائی کی، ان اصلاحات سے چاول کے قابل اعتماد برآمد کنندہ کے طور پر پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت میں بہتری آئے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر درآمدی شرائط کی سخت سائنسی نگرانی کی جائے گی۔

وزارت کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی زرعی معیشت کو مضبوط بنانے اور اس کی عالمی برآمدی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

میتھائل برومائڈ ایک وسیع اسپیکٹرم فیومیگینٹ ہے جو کئی ممالک میں مٹی سے پیدا ہونے والے کیڑوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ فصل کی کٹائی کے بعد، شپمنٹ سے پہلے اور قرنطینہ ٹریٹمنٹ میں استعمال ہوتا ہے۔

اس کی حیاتیاتی تاثیر کے باوجود، فیومیگینٹ کو اوزون کو ختم کرنے والے اہم مادے میں سے ایک کے طور پر شناخت کیا گیا ہے، اور ان تمام ممالک میں اس کے مرحلہ وار خاتمے کی ضرورت ہے جہاں یہ اب بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025