عمران ہاشمی نے میرے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا، جاوید شیخ کا انکشاف
مقبول اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
جاوید شیخ نے حال ہی میں ’آج‘ ٹی وی کے رمضان شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے اپنے پسندیدہ کرداروں پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ عمران ہاشمی کے ساتھ بولی وڈ فلم ’جنت‘ میں ادا کیا کردار بھی ان کا پسندیدہ ہے۔
اسی حوالے سے میزبانوں نے ان سے سوال کیا کہ عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
اس پر انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی اداکار نے ان کے ساتھ پہلی ملاقات کے دوران نامناسب رویہ اختیار کیا، جس پر انہیں دکھ ہونے کے ساتھ ساتھ غصہ بھی آیا۔
انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شوٹنگ کے لیے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن پہنچے، جہاں عمران ہاشمی بھی پہنچے اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کے ساتھ اور کس کس کو فلم میں کاسٹ کیا گیاہے۔
ان کے مطابق شوٹنگ کے وقت ہدایت کار نے انہیں اور عمران ہاشمی کی ملاقات کرواتے ہوئے ایک دوسرے سے تعارف کرایا اور اس دوران انہوں نے بھارتی اداکار سے ملانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران ہاشمی نے ان کے ہاتھ بڑھانے پر نامناسب رویہ اختیار کیا اور منہ دوسری طرف پھیر کر بے دلی سے ان سے ہاتھ ملا کر چلے گئے، جس پر انہیں افسوس کے ساتھ ساتھ غصہ بھی آیا۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت کے دوسرے اداکار جیسے شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار بھی انہیں شیخ صاحب، شیخ صاحب کرکے بلاتے ہیں اور عزت دیتے ہیں لیکن عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے عمران ہاشمی کی بات نوٹ کی اور پھر ان کے ساتھ شوٹنگ سیٹ پر رہتے ہوئے بھی 15 دن تک بات نہیں کی، جس کے بعد بھارتی اداکار نے خود ان سے بات کرنا شروع کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران ریہرسل کرنے کے وقت وہ عمران ہاشمی کے پاس نہیں گئے بلکہ ہدایت کار انہیں ان کے پاس لے کر آئے۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران ہاشمی کی بدتمیزی کا جواب سنجیدگی سے دیا اور پھر ان کے درمیان بات چیت شروع ہوئی اور گلے شکوے دور ہوئے۔
خیال رہے کہ جاوید شیخ نے عمران ہاشمی کے ساتھ 2008 کی فلم ’جنت‘ میں کام کیا تھا، مذکورہ فلم کے علاوہ بھی جاوید شیخ متعدد بھارتی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔