پشاور: نابالغ بچوں سے نازیبا حرکات کرنے پر مدرسے کا استاد گرفتار، مقدمہ درج
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مضافات میں تیلبند کے علاقے میں 2 نابالغ بچوں سے نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں بڈھ بیر پولیس نے مدرسے کے استاد کو گرفتار کرلیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق نابالغ بچے کے والد نے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ ان کی 9 سالہ بیٹی اور 11 سالہ بھتیجا تیلبند علاقے کے ایک مدرسے میں زیر تعلیم تھے۔
انہوں نے ایک ایف آئی آر درج کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ 3 مارچ کو بچوں نے انہیں بتایا کہ مدرسہ کے استاد نے رمضان سے 4 دن پہلے ان پر کئی بار ’حملہ‘ کیا تھا، تاہم وہ فوری طور پر اپنے والدین کو یہ سب نہیں بتاسکے تھے، کیونکہ انہیں استاد کی جانب سے سزا کا خوف تھا۔
مدعی نے پولیس کو مطلع کیا کہ اس نے دونوں نابالغوں سے پوچھ گچھ کی جنہوں نے تمام تفصیلات شیئر کیں، بعد ازاں وہ دونوں بچوں کو تھانے لے کر آیا اور مدرس کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
مدرسہ کے استاد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376، 377، 511 اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ 2010 کی دفعہ 43 اور 53 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔