فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں، زائد شادیوں کے بیان پر دانش تیمور کی وضاحت
اداکار دانش تیمور نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت کے بیان پر خود پر ہونے والی تنقید کے بعد وضاحتی بیان جاری کردیا۔
دانش تیمور نے گرین ٹی وی پر اپنی میزبان میں نشر ہونے والے رمضان شو میں بیوی عائزہ خان کی موجودگی میں چند دن قبل کہا تھا کہ مذاق اپنی جگہ لیکن یہ حقیقت ہے کہ خدا تعالیٰ نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور جب خدا کسی کو اجازت دے تو کسی اور کی اجازت کی ضرورت نہیں رہتی۔
دانش تیمور نے مزید کہا تھا کہ انہیں خدا کی طرف سے چار شادیوں کی اجازت ہے لیکن یہ الگ بات ہے کہ وہ کر نہیں رہے۔
اداکار نے کہا تھا کہ یہ ان کا پیار اور عزت ہے، اس لیے مزید شادیاں نہیں کر رہے اور یہ کہ فی الحال وہ عائزہ خان کے ساتھ ہی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔
ان کے اس بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا گیا تھا اور ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے بیوی کے سامنے فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں کا جملہ اس لیے بولا کہ ان کی نیت میں کھوٹ ہے، مستقبل میں وہ کچھ کرنے والے ہیں۔
تاہم لوگوں کی تنقید کے بعد اب انہوں نے اسی پروگرام میں اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی اپنے بیان پر بضد اور قائم ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ خدا نے انہیں چار شادیوں کی اجازت دی ہے لیکن وہ کر نہیں رہے، کیوں کہ انہیں اپنی بیوی سے محبت ہے اور وہ ان کی عزت کرتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں کا جملہ اس لیے استعمال کیا تھا، کیوں کہ وہ واقعی اس وقت اہلیہ کے ساتھ ہیں لیکن بعد میں ان کے ساتھ کیا ہو، انہیں معلوم نہیں۔
انہوں نے دلیل دی کہ فی الحال کا مطلب یہ تھا کہ وہ اس وقت تک تو بیوی کے ساتھ ہیں لیکن کل کو اگر وہ انتقال کر گئے یا ان کے ساتھ کچھ اور ہو تو اس کا علم انہیں نہیں، اس لیے انہوں نے فی الحال کا لفظ استعمال کیا تھا۔
دانش تیمور نے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ بھی فی الحال کا لفظ استعمال کیا کریں، کیوں کہ کسی کو کوئی پتا نہیں ہوتا کہ اس کے ساتھ کیا ہونے والا ہے، کسی کو معلوم نہیں ہوتا کہ کس کی موت کب ہو؟
دانش تیمور کی جانب سے ایک سے زائد شادیوں کے بیان پر دی گئی وضاحت کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی اور اس پر بھی صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔