راکھی ساونت نے عمرے کی ادائیگی کی ویڈیوز شیئر کردیں
متنازع بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے ایک بار پھر عمرے کی ادائیگی کی ویڈیوز شیئر کردیں۔
راکھی ساونت نے اگست 2023 میں پہلی بار عمرے کی ادائیگی کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ دائرہ اسلام میں داخل ہو چکی ہیں اور انہوں نے اپنا نام فاطمہ رکھا ساونت رکھا ہے۔
اداکارہ نے پہلی بار عمرے کی ادائیگی اور اسلام قبول کرنے کا دعویٰ ایسے وقت میں کیا تھا جب کہ انہوں نے مسلمان اداکار و ماڈل عادل درانی سے شادی کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
جنوری 2023 کے آغاز میں راکھی ساونت اور عادل درانی کی شادی کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، اداکارہ کے نکاح کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی اور بعد ازاں انہوں نے شوہر پر بے وفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
بعد ازاں راکھی فاطمہ ساونت نے جنوری 2025 میں سال نو کے موقع پر بھی عمرے کی ادائیگی کی ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
اب انہوں نے ایک بار پھر عمرے کی ادائیگی کی ویڈیوز شیئر کردیں، جن میں انہیں دیگر افراد کے ساتھ مقدس مقامات پر دیکھا جا سکتا ہے۔
راکھی فاطمہ ساونت نے عمرے کی ادائیگی کی متعدد ویڈیوز شیئر کیں، جن میں سے ایک ویڈیو میں انہیں خانہ کعبہ کے غلاف کو جذباتی انداز میں چھوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک اور ویڈیو میں راکھی ساونت کو خانہ کعبہ کے احاطے میں دعا بھی مانگتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک اور ویڈیو میں انہیں ایک بچے اور ایک شخص کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے وقت لبیک اللهم لبیک پڑھتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ اداکارہ نے عمرے کی ویڈیوز 21 اور 22 مارچ کو شیئر کیں، تاہم یہ واضح نہیں ہیں کہ ان کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیوز نئی ہیں یا انہوں نے پرانی ویڈیوز شیئر کیں۔
راکھی فاطمہ ساونت کی جانب سے عمرے کی ادائیگی کی ویڈیوز شیئر کیے جانے پر صارفین نے ان پر تبصرے کرتے ہوئے اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔