بیٹے کی جانب سے براہ راست شو میں ٹرول کرنے پر ندا یاسر کا شکوہ
اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر نے شکوہ کیا ہے کہ انہیں ہر ماہ کم سے کم دو بار ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ حال ہی میں ان کے 10 سالہ بیٹے نے بھی براہ راست شو میں ان کا مذاق اڑایا۔
ندا یاسر نے اپنے رمضان پروگرام میں اداکار اظفر رحمٰن اور اظفر علی کے ساتھ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ پر گفتگو کرنے کے دوران شکوہ کیا کہ انہیں بہت زیادہ ٹرول کیا جاتا ہے۔
ندا یاسر کا کہنا تھا کہ آخر وہ بھی انسان ہیں اور ان کے منہ سے بعض اوقات غلط باتیں نکل جاتی ہیں، جس پر انہوں نے اپنے پروگرام اور ٹی وی چینلز کے باسز کو بھی بتا رکھا ہے کہ ان سے غلطیاں ہوتی رہیں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی بات پر انہیں باسز نے بتایا کہ ہر کسی اپنی اپنی یو ایس بی اور میموری ہوتی ہے، آپ کی ایسی ہی ہے تو اس میں آپ کا کوئی قصور نہیں۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ انہیں ٹرول نہ کیا جائے اور یہ کہ انہیں مہینے میں کم سے کم دو بار ٹرول کیا جاتا ہے۔
ندا یاسر نے مزاحیہ انداز میں شکوہ کیا کہ دو دن قبل ہی ان کے شو میں ان کے 10 سالہ بیٹے بالاج یاسر آئے تھے، جنہوں نے بھی ان کا براہ راست شو میں مذاق اڑایا۔
ان کے مطابق بیٹے نے انہیں کہا کہ انہوں نے ان کے ہاتھ کا بنا کھانا ہی نہیں کھایا، کیوں کہ وہ گھر میں کھانا بناتی ہی نہیں۔
ندا یاسر نے واضح کیا کہ وہ پہلے گھر میں کھانا بناتی تھیں لیکن بالاج کے پیدا ہونے کے بعد انہوں نے کھانا بنانا چھوڑ دیا۔
ٹی وی میزبان کے مطابق بیٹے کی جانب سے ان کا مذاق اڑانے کی بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور انہوں نے بیٹے کو بتایا تو بیٹے نے کہا انہوں نے ایسا کہا ہی نہیں۔
ندا یاسر کی جانب سے بیٹے کے مذاق اڑانے کا شکوہ کیے جانے سے قبل ان کے بیٹے نے براہ راست شو میں والدہ کا راز عیاں کردیا تھا۔
پروگرام میں ندا یاسر کے بیٹے نے کہا تھا کہ انہیں دال، تندوری چکن اور چاول پسند نہیں، ساتھ ہی کہا تھا کہ کیوں کہ ان کی والدہ ان کے لیے کھانا ہی نہیں بناتیں۔
ٹی وی میزبان کے بیٹے نے براہ راست شو میں والدہ کو ٹوکا کہ وہ ان کے لیے کھانا ہی نہیں بناتیں، جس پر ندا یاسر نے سوالیہ انداز میں کہا تھا کہ وہ ان کا صرف دماغ پکاتی ہیں؟