بھارت: مزاح نگار کی جانب سے سیاستدان کا مذاق اڑانے پر ہجوم کی کلب میں توڑ پھوڑ
بھارت کے مالیاتی دارالحکومت ممبئی میں ایک اسٹینڈ اپ کامیڈین کی جانب سے اسٹیج سے شہر کے معروف سیاستدانوں میں سے ایک کا مذاق اڑانے پر ہجوم نے کلب میں توڑ پھوڑ کی جبکہ پولیس نے کامیڈین کے خلاف تفتیش شروع کردی۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے معروف کامیڈین میں سے ایک کنال کامرا کو ملک کی سیاست پر اپنی تند و تیز تبصروں کے لیے جانا جاتا ہے۔ ممبئی میں ان کی اتوار کی پرفارمنس میں ایک پیروڈی گانا شامل تھا جس میں ریاستی حکومت کی دوسری اہم ترین شخصیت ایکناتھ شندے کو ’غدار‘ کہا گیا تھا۔
شو ختم ہونے کے فوراً بعد ایکناتھ شندے کی شیو سینا پارٹی کے حامیوں نے ’دی ہیبی ٹیٹ‘ کامیڈی مقام پر دھاوا بول دیا اور تباہی مچا دی۔
سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی فوٹیج میں درجنوں افراد کو کرسیاں پھینکتے، لائٹ فٹنگز کو توڑتے اور دیوار پر لگی پینٹنگز کو توڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کلب میں توڑ پھوڑ کے سلسلے میں کم از کم 20 افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔
دی ہیبی ٹیٹ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ وہ اس وقت تک اپنے دروازے بند کر رہا ہے جب تک کہ وہ مقام کو ’خطرے میں ڈالے بغیر آزادی اظہار کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کا بہترین طریقے‘ کا تعین نہیں کر لیتا۔
ہتک آمیز ریمارکس ادا کرنے پر سرکاری شکایت درج ہونے کے بعد پولیس کنال کامرہ کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلی اور ایکناتھ شندے کے باس دیویندر فڈنویس نے کہا کہ کامیڈین کو ’معافی مانگنی چاہیے‘ اور یہ کہ ’رہنماؤں کی توہین برداشت نہیں کی جا سکتی۔‘
’غدار‘ تبصرہ ایکناتھ شندے کے 2022 میں اپنی سیاسی وفاداری کو تبدیل کرنے کے فیصلے کا حوالہ تھا، جس نے ریاست میں ایک ہفتہ طویل سیاسی بحران کو جنم دیا جس نے اس وقت کے وزیر اعلیٰ کو استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا تھا۔