بیوی خود سوشل میڈیا پر نہیں آنا چاہتی، اظفر رحمٰن کا دعویٰ
اداکار اظفر رحمٰن کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ اور اہل خانہ خود میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور رہنا چاہتے ہیں اور یہ کہ جب چیزیں انٹرنیٹ پر آجائیں تو کوئی بھی چیز ذاتی نہیں رہتی۔
اظفر رحمٰن نے حال ہی میں ندا یاسر کے رمضان شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران ندا یاسر نے ان سے شکوہ کیا کہ انہوں نے اپنی بیوی کو کہاں اور کیوں چھپا رکھا ہے؟ ان سمیت کسی کو بھی ان کی ذاتی زندگی کا علم نہیں۔
اس پر اظفر رحمٰن نے کہا کہ انہوں نے اہلیہ کو چھپاکر نہیں رکھا اور یہ کہ اگر ان کی ذاتی زندگی کا ہر کسی کو علم ہوجائے یا ہر بات ہر کسی کو معلوم ہو تو پر کوئی چیز پرسنل کیسے ہوئی؟
اداکار کا کہنا تھا کہ شادی اور تعلقات ایسی چیزیں ہیں کہ جتنی پوشیدہ رہیں گی، اتنا ہی بہتر ہے۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کے بہت سارے دوستوں کے تعلقات اور رشتے جب ٹوٹتے ہیں تو سب کے سامنے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہے ہوتے ہیں، اس لیے رشتے اور تعلقات جتنے پوشیدہ رہیں تو بہتر ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں اداکار نے واضح کیا کہ دراصل ان کی اہلیہ کو سب کچھ سوشل میڈیا پر شیئر کرنا اچھا نہیں لگتا اور یہ کہ شادی کے لیے بھی انہوں نے پہلی شرط یہی رکھی تھی کہ وہ یہ سب کچھ نہیں کرسکیں گی۔
اظفر رحمٰن کے مطابق پھر جو شخص سوشل میڈیا استعمال کرنا شروع کرتا ہے تو اس پر ہر وقت کوئی نہ کوئی چیز شیئر کرنے کا دباؤ بھی رہتا ہے کہ عید پر تصویر شیئر کرنی ہے، دوسرے موقع پر یہ چیز ڈالنی ہے۔
ندا یاسر نے اداکار سے مزید شکوہ کیا کہ انہوں نے ان کی بیوی کی تصاویر صرف شادی کے وقت دیکھی تھیں، اس کے بعد انہوں نے بھی آج تک اداکار کی بیوی نہیں دیکھی؟ کیا اداکار بیوی کو گھمانے پھرانے نہیں لے جاتے؟
اس پر اظفر رحمٰن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ایسا بالکل بھی نہیں، وہ پوری دنیا ایک ساتھ دیکھتے اور گھومتے ہیں جب کہ قریبی دوستوں اور رشتے داروں سے ملاقاتوں کے وقت بھی وہ ساتھ ہوتی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر نہیں کرتے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اگر وہ دوستوں اور رشتے داروں سے گروپ کی صورت میں بھی ملاقات کرتے ہیں، تب بھی وہ اس ملاقات اور گروپ کی تصاویر شیئر نہیں کرتے۔
ان کے مطابق سوشل میڈیا پر ہر وقت چیزیں شیئر کرنے کی عادت بہت گندی ہے اور یہ ایک طرح کا نشہ ہے، جس سے انہوں نے خود کو بھی آزاد کر رکھا ہے اور وہ ہر کچھ گھنٹوں بعد خود کوئی چیز شیئرکرتے نہ اپنے اہل خانہ کو کرنے دیتے ہیں۔