تاخیر سے آنے پر مداحوں کے برہم ہونے پر نیہا ککڑ پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں
بھارت کی مقبول گلوکارہ نیہا ککڑ کے تاخیر سے کنسرٹ میں پہنچنے پر مداح ان پر برہم ہوگئے، جس پر گلوکارہ اسٹیج پر پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق نیہا ککڑ آسٹریلوی شہر سڈنی میں کنسرٹ کے لیے پہنچی تھیں، جہاں وہ مبینہ طور پر تین گھنٹے تاخیر سے پہنچیں۔
نیہا ککڑ کے انتظار میں ہزاروں لوگ کنسرٹ کے مقام پر موجود تھے اور وہ گلوکارہ کا انتظار کرتے رہے۔
گلوکارہ کی جانب سے کم سے کم تین گھنٹے تاخیر سے آنے پر وہاں موجود شائقین گلوکارہ پر برہم ہوگئے اور انہوں نے ان کے خلاف نعرے بازی کرنا شروع کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کنسرٹ ہال میں موجود شائقین کو نیہا ککڑ کے خلاف نعرے بازی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شائقین کی نعرے بازی اور غصے پر نیہا ککڑ کو ویڈیو میں پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں نیہا ککڑ تاخیر سے آنے پر نعرے بازی کرنے پر اسٹیج پر ہی رو پڑتی ہیں۔
کنسرٹ ہال میں موجود شائقین بڑی آوازوں میں نیہا ککڑ کو واپس جانے کا کہتے بھی سنائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو دیے جانے والے طعنے بھی سنے جا سکتے ہیں، جس میں مداح انہیں طعنے دیتے سنائی دیے کہ یہ بھارت نہیں بلکہ آسٹریلیا ہے، وہ واپس بھارت جائیں اور آرام کریں۔
کچھ افراد نیہا ککڑ کو یہ بھی کہتے سنائی دیتے ہیں کہ یہ بھارت ہے، نہ انڈین آئیڈل پروگرام ہے، آپ جائیں اور بھارت جاکر آرام کریں۔
شائقین کی جانب سے تیز آواز میں طعنے دینے اور اظہار برہمی کیے جانے پر نیہا ککڑ جذباتی ہوگئیں اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔
نیہا ککڑ نے آبدیدہ ہوتے ہوئے مداحوں سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ ان کے کنسرٹ میں آنے والے تمام افراد بہت اچھے ہیں جو کئی دن اور گھنٹوں سے ان کا انتظار کر رہے تھے۔
نیہا ککڑ نے کنسرٹ میں پرفارمنس شروع کرنے سے قبل تمام شائقین کو کہا کہ وہ اب پوری کوشش کریں گی کہ ان کی پرفارمنس پر سب ڈانس کرنے لگیں۔
نیہا ککڑ نے مذکورہ پروگرام اور شام کو زندگی کی سب سے یادگار شام بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس پروگرام کو زندگی بھر نہیں بھلا سکیں گی۔