دلہے کے بغیر بیٹی کی رخصتی کی، داماد کو آج تک نہیں دیکھا، والدہ ٹک ٹاکر سحر مرزا
معروف ٹک ٹاکر سحر مرزا کی والدہ نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹی کی آن لائن شادی کروانے کے ایک سال بعد بھی تاحال انہوں نے اپنے داماد کو نہیں دیکھا۔
سحر مرزا اپنی بہن جنت مرزا اور والدہ کے ہمراہ حال ہی میں ندا یاسر کے رمضان شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔
پروگرام کے دوران دونوں ٹک ٹاکرز کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹیوں کو ڈراموں میں کام کرنے کی متعدد بار پیش کش ہو چکی ہے لیکن وہ کام نہیں کرنا چاہتیں۔
پروگرام کے دوران جنت مرزا نے یہ بھی بتایا کہ مستقبل میں وہ پروڈکشن ہاؤس کھول کر ڈرامے اور فلمیں بنانا چاہتی ہیں اور ساتھ ہی پروڈکشن ہاؤس کے تحت سوشل میڈیا بھی چلائیں گی۔
پروگرام کے دوران سحر مرزا کی شادی کے سوال پر ٹک ٹاکر کی والدہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے آج تک اپنے داماد کو نہیں دیکھا۔
سحر مرزا کی والدہ کے مطابق ان کی بیٹی اور داماد کے درمیان سوشل میڈیا پر تعلق بنا، پھر ان کے داماد نے رشتے کے لیے اہل خانہ کو بھیجا۔
ٹک ٹاکر کی والدہ نے بتایا کہ ان کے داماد کا پورا خاندان یہیں پاکستان میں ہے لیکن وہ خود باہر ہیں، اس لیے آج تک وہ ان سے نہیں ملے۔
سحر مرزا کی والدہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دلہے کے بیرون ملک رہنے کی وجہ سے بیٹی کا آن لائن نکاح کیا، شادی کی تمام تقریبات اور رسومات آن لائن ادا کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دلہے کے بغیر بیٹی کی رخصتی بھی کی لیکن آج تک وہ داماد سے نہیں ملیں۔
ان کی بات پر جنت مرزا نے بتایا کہ جو رسومات اور تقریبات شادی میں ہوتی ہیں، انہوں نے وہ سب آن لائن کیں اور دلہے کے آنے پر تمام شادی کی تقریبات دوبارہ منعقد کی جائیں گی۔
ان کی جانب سے دلہے کے بغیر سحر مرزا کی رخصتی کرنے کی بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
خیال رہے کہ سحر مرزا کو فروری 2024 میں دلہے کے بغیر رخصتی کی ویڈیوز شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔