ٹرمپ نے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کیلئے امریکی شہریت کا ثبوت دینا لازمی قرار دیدیا
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی انتخابات پر سخت کنٹرول کا حکم جاری کر دیا، جس کے مطابق ووٹ ڈالتے وقت امریکی شہریت کا ثبوت دینا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، ریپبلکن پارٹی کا ماننا ہے کہ نظام ان کے خلاف جھکا ہوا ہے، وہ اس پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے فوری طور پر صدر کے ایگزیکٹو آرڈر کو صدارتی اختیارات کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے، جو بالآخر لاکھوں امریکیوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا سبب بن سکتا ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں نے پہلے ہی اس آرڈر کو عدالت میں چیلنج کرنے کا عہد کیا ہے۔
ٹرمپ جو اب اپنی دوسری مدت صدارت مکمل کر رہے ہیں، انہوں نے 2020 کے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کے ہاتھوں اپنی شکست کو کبھی تسلیم نہیں کیا، اور وہ بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی کے بے بنیاد دعوؤں کو برقرار رکھتے ہیں، خاص طور پر غیر حاضر ووٹنگ میں، ایک ایسا طریقہ جو امریکا بھر میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ شاید کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ مجھے شکایت نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ ہم نے گزشتہ نومبر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔
لیکن ہمیں اپنے انتخابات کو درست کرنا ہوگا، یہ ملک جعلی انتخابات کی وجہ سے بیمار ہے اور ہم اسے کسی نہ کسی طرح درست کرنے جا رہے ہیں۔