• KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:48pm
  • LHR: Asr 4:35pm Maghrib 6:22pm
  • ISB: Asr 4:41pm Maghrib 6:28pm
  • KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:48pm
  • LHR: Asr 4:35pm Maghrib 6:22pm
  • ISB: Asr 4:41pm Maghrib 6:28pm

مسلمانوں کے خلاف تشدد، دلتوں سے نفرت پر بنی فلم ’سنتوش‘ میں بھارت پر پابندی

شائع March 27, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

برطانوی نژاد بھارتی فلم ساز سندھیا سوری کی آسکر نامزد ہندی فلم ’سنتوش‘ پر بھارت میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔

بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کے مطابق عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والی فلم ’سنتوش‘ پر سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے پابندی عائد کردی۔

بھارتی فلم سینسر بورڈ کے مطابق فلم میں پولیس کا برا تشخص دکھایا گیا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے، اس لیے فلم کو سینماؤں میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

فلم سینسر بورڈ نے فلم کی ٹیم کو بعض مناظر کاٹنے پر مشروط نمائش کی اجازت کی پیش کش کی تھی لیکن فلم کی ٹیم نے مناظر نکالنے سے انکار کردیا۔

اسی حوالے سے برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلم ساز سندھیا سوری نے بھارتی فلم سینسر بورڈ کی مناظر کاٹنے کی شرط ماننے سے انکار کردیا، جس کے بعد فلم کو بھارت میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی۔

’سنتوش‘ کو کانز فلم فیسٹیول سمیت ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور دیگر فیسٹیولز میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور اس نے متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

فلم کو برطانیہ کی جانب سے آسکر کے لیے بہترین غیر ملکی فلم کے لیے بھی بھیجا گیا تھا، جس پر اکیڈمی ایوارڈز کی جانب سے فلم کو نامزد بھی کیا گیا تھا لیکن فلم ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہی۔

فلم میں ’سنتوش‘ نامی خاتون پولیس اہلکار کا کردار شاہانا گوسوامی نے ادا کیا ہے جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں بھی زیادہ تر بھارتی نژاد برطانوی اداکار شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ایک بیوہ خاتون کے پولیس اہلکار بننے کے بعد ان کی جانب سے بعض کیسز کو حل کرنے کی کوشش کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں ’سنتوش‘ نامی خاتون کو پولیس والے شوہر کے ہلاک ہونے کے بعد فوتی کوٹا پر پولیس میں ملازمت ملتی ہے، جس کے بعد انہیں بعض پیچیدہ کیسز حل کرنے کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ بھارت جیسے ہندو اکثریتی ملک میں کس طرح سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تشدد بڑھتا جا رہا ہے اور ایسے عمل کو معمول سمجھا جاتا ہے۔

فلم میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح وہاں ہندوؤں کی انتہائی نچلی ذات دلتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے، ان کی خواتین کے ساتھ جنسی تشدد کتنا عام ہے اور دلتوں کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ بھی معمول سمجھا جاتا ہے۔

فلم میں پولیس کے کردار کو بھی واضح کیا گیا ہے کہ کس طرح بھارتی پولیس مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف پرتشدد اور تضحیک آمیز کارروائیاں کرتی ہے۔

فلم کی ٹیم کے مطابق بھارت میں پہلے بھی بھارتی پولیس کے نامناسب رویے اور دلتوں کے ساتھ نفرت آمیز سلوک پر فلمیں بنائی جا چکی ہیں اور انہیں ریلیز کی بھی اجازت ملتی رہی ہے لیکن ’سنتوش‘ کو حقیقت سے قریب تر مناظر دکھانے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025