کینسر میں مبتلا اداکارہ انجلین ملک کی سرجری ہوگئی
کینسر میں مبتلا اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر و ہدایت کارہ انجلین ملک سرجری کے بعد صحت کی جانب گامزن ہیں، تاہم انہوں نے مداحوں سے مسلسل دعائیں کرتے رہنے کی درخواست کردی۔
اداکارہ نے 10 مارچ کو انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں اور ساتھیوں سے دعاؤں کی التجا کی تھی اور بتایا تھا کہ انہیں اب دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔
اداکارہ نے پوسٹ میں بتایا تھا کہ کینسر کے علاج کے سلسلے میں وہ اہم پروسیجر سے گزرنے والی ہیں اور اب انہوں نے سرجری کے بعد کی اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا۔
انجلین ملک نے انسٹاگرام پر متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سرجری کردی گئی اور وہ بہتر صحت کی جانب گامزن ہیں۔
اداکارہ نے مداحوں سے مسلسل دعائیں کرتے رہنے کی اپیل بھی کی۔
سرجری سے قبل انجلین ملک کی تین کیموتھراپیاں کی گئی تھیں اور انہوں نے کیموتھراپی کی تصاویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔
انجلین ملک نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ کینسر کا علاج کہاں کروا رہی ہیں، تاہم وہ علاج کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔
انجلین ملک نے فروری میں اپنی جیولری کلیکشن متعارف کراتے ہوئے سر کے بالوں کے بغیر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
بعد ازاں اداکارہ کو سر کے بالوں کے بغیر ہی فیشن شو میں کیٹ واک کرتے بھی دیکھا گیا۔