رمضان شو میں ’بانجھ پن‘ کا علاج پوچھنے کی ویڈیو وائرل
اداکارہ و ٹی وی میزبان جویریہ سعود کے رمضان شو میں مرد کالر کی جانب سے خاتون ماہر غذائیت سے بانجھ پن کا علاج پوچھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
مرد کالر کی جانب سے بانجھ پن کا علاج پوچھنے کی کال آنے پر میزبان جویریہ سعود، مہمان مایا علی اور ماہر غذائیت بھی پھوٹ پھوٹ کر ہنسنے لگیں۔
مرد کالر نے پروگرام میں کال کرکے اپنا مسئلہ بتایا اور ساتھ ہی ماہر غذائیت سے اس کا حل بھی پوچھا۔
کالر کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کو کافی عرصہ گزر چکا ہے لیکن ان کے ہاں اولاد نہیں ہو رہی، جس وجہ سے وہ پریشان ہیں۔
کالر کے مطابق انہوں نے متعدد ڈاکٹرز اور حکیموں سے بھی علاج کروایا لیکن انہیں کوئی فائدہ نہیں ہو رہا، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ ماہر غذائیت انہیں کوئی اچھی غذا بتائیں، جس سے ان کا مسئلہ حل ہوجائے۔
مرد کالر کے سوال پر پروگرام میں بطور مہمان شریک ہونے والی اداکارہ مایا علی بھی پھوٹ پھوٹ کر ہنس پڑیں جب کہ میزبان جویریہ سعود بھی ہنستے ہوئے اسکرین سے دور ہوگئیں۔
مرد کالر کی فون پر ماہر غذائیت نے انہیں بتایا کہ وہ اس طرح کا علاج نہیں کرتیں، البتہ وہ انہیں کچھ غذائیں تجویز کرتی ہیں، ان کا مسئلہ ڈپریشن کا ہے، وہ اپنے ڈپریشن پر قابو پائیں۔
مرد کالر کے سوال پر جویریہ سعود نے سوال اٹھایا کہ وہ اپنے مسئلے کا حل پوچھ رہے ہیں یا اپنی بیگم کا ؟
اسی بات پر جویریہ سعود نے ہنستے ہوئے اسکرین سے دوری اختیار کرلی اور کہا کہ ان کا سوال کرنے اور جواب دینے والوں سے کوئی واسطہ نہیں۔
مرد کالر کی بات پر اداکارہ مایا علی ہنستے ہوئے فرش پر بیٹھ گئیں جب کہ ان کے ہنسنے اور مرد کالر کی جانب سے بانجھ پن کا علاج پوچھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے پروگرام کی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کالر کی بات پر ہنسنے والی کیا بات ہے؟ انہوں نے ایک مسئلے کا حل پوچھا ہے اور یہ ان کا مذاق اڑا رہے ہیں؟
بعض صارفین نے جویریہ سعود اور مایا علی کو بدتمیز بھی قرار دیا جب کہ کچھ نے پروگرام کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ رمضان المبارک جیسے مہینے میں ایسے پروگرامات کیے جا رہے ہیں۔