فیروز خان دوسری اہلیہ سے بھی بچوں کے خواہاں
مقبول اداکار فیروز خان نے دوسری اہلیہ سے بھی بچوں کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ خاندان کو بڑھانے سے متعلق غور کر رہے ہیں۔
فیروز خان نے حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے ایوارڈ دیے جانے کی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سمیت صحافیوں سے بھی گفتگو کی۔
فیروز خان کو برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے ’اسٹار آف پاکستان‘ کا ایوارڈ دیا گیا، اس دوران اہلیہ ڈاکٹر زینب بھی ان کے ہمراہ تھیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ رومانوی انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بھی بنواتے دکھائی دیے۔
ایوارڈ دیے جانے کی تقریب میں ارکان پارلیمنٹ اور صحافیوں سے کی جانے والی گفتگو کے دوران فیروز خان نے یہ بھی بتایا کہ وہ اہلیہ ڈاکٹر زینب سے کس طرح ملے؟
انہوں نے بتایا کہ وہ ڈپریشن کا شکار تھے، انہیں بات چیت کے لیے کوئی شخص مطلوب تھا، وہ اپنے علاج کے لیے اہلیہ کے پاس گئے تھے اور ملاقاتوں کے دوران انہیں ان سے محبت ہوگئی تو انہوں نے اہلیہ کو شادی کی پیش کش کردی۔
فیروز خان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے درمیان مختصر مگر اچھی محبت رہی اور پھر دونوں نے شادی کرلی۔
اسی دوران فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب نے بتایا کہ وہ شوہر کی مداح تھیں، وہ ان کی اداکاری کو پسند کرتی تھیں لیکن پھر ان کی شادی ہوگئی۔
فیروز خان نے گفتگو کے دوران یہ انکشاف بھی کیا کہ کیریئر میں ان کے خلاف 20 مقدمات بھی دائر ہوئے لیکن خدا کے کرم سے ان کے خلاف ایک بھی کیس ثابت نہ ہوا۔
انہوں نے ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کے سوال پر انہیں بتایا کہ انہیں پہلی شادی سے دو بچے ہیں، جن میں سے ایک کی عمر 6 جب کہ دوسرے بچے کی عمر تین سال کے قریب ہے۔
اسی دوران فیروز خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں دوسری اہلیہ سے بچے نہیں ہیں لیکن اب وہ خاندان بڑھانے سے متعلق سوچ رہے ہیں۔
فیروز خان کی جانب سے دوسری اہلیہ سے بچوں کی خواہش کی بات پر وہاں موجود تمام افراد ہنس پڑے جب کہ اداکار اور ان کی اہلیہ بھی ہنس پڑیں۔
خیال رہے کہ فیروز خان نے جون 2024 میں ماہر نفسیات ڈاکٹر زینب سے دوسری شادی کی تھی، اس سے قبل انہوں نے 2018 میں علیزے سلطان سے شادی کی تھی۔
علیزے سلطان اور فیروز خان کی شادی محض 4 سال ہی چل سکی اور دونوں نے 2022 کے اختتام تک طلاق کی تصدیق کی تھی۔
بعد ازاں علیزے سلطان نے فیروز خان پر گھریلو تشدد کا مقدمہ بھی دائر کردیا تھا جب کہ دونوں کے درمیان کچھ عرصے تک بچوں کی حوالگی اور کفالت سے متعلق قانونی جنگ بھی جاری رہی۔
فیروز خان کی پہلی اہلیہ علیزے سلطان طلاق کے بعد سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں اور وہ ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم تاحال انہوں نے اداکاری میں قدم نہیں رکھے اور نہ ہی انہوں نے دوسری شادی کی ہے۔