مدیحہ امام کا شوٹنگ کے دوران حقیقی تھپڑ لگنے سے قوت سماعت کمزور ہونے کا انکشاف
مقبول اداکارہ مدیحہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ شوٹنگ کے دوران انہیں مرد ساتھی اداکار نے زوردار حقیقی تھپڑ دے مارا، جس وجہ سے ان کی قوت سماعت کمزور ہوچکی ہے۔
مدیحہ امام نے حال ہی میں ساتھی اداکاروں سمیت گرین ٹی وی کے عید شو میں شرکت کی، جہاں ان سمیت دیگر اداکاروں نے اپنے مختلف رازوں سے پردہ اٹھایا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ باکسنگ جانتی ہیں اور انہوں نے ایک بار حقیقی فائٹ میں ایک لڑکے کو مار مار کر اس کا برا حال کردیا تھا۔
مدیحہ امام کے مطابق ان کے اور لڑکے کے درمیان باکسنگ مقابلہ ہوا تھا، جس دوران انہوں نے حریف لڑکے کی پٹائی کردی تھی۔
اداکارہ نے ایک اور انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار شوٹنگ کے دوران مرد ساتھی اداکار کا حقیقی زوردار تھپڑ لگنے سے ان کی قوت سماعت کمزور ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بھی وہ ایک کان سے کم سنتی ہیں، ان کی قوت سماعت کمزور ہوچکی ہے۔
مدیحہ امام کے مطابق وہ متاثرہ کان سے مکمل بہری نہیں لیکن اس سے کم سنتی ہیں اور اسی لیے لوگوں کو اونچے آواز میں بولنے کا کہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کا لگتا ہے کہ اداکار بڑے مزے سے کام کرتے ہیں، انہیں اندازہ نہیں کہ اداکار کتنی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
مدیحہ امام کے مطابق شوٹنگ کے دوران نہ چاہتے ہوئے بھی مرد ساتھی اداکار نے انہیں حقیقی معنوں میں گالوں پر زوردار تھپڑ جڑ دیا، جس سے ان کی مذکورہ سائیڈ کا کان متاثر ہوا اور اب وہ متاثرہ کان سے کم سنتی ہیں۔
ان کی بات پر سینئر اداکار فیصل قریشی نے بھی کہا کہ مدیحہ امام کے ساتھ مذکورہ واقعہ ایک شوٹنگ سیٹ کے دوران ہوا اور اداکارہ اب تک کان سے کم سنتی ہیں۔
اگرچہ مدیحہ امام نے حقیقی تھپڑ لگنے سے قوت سماعت متاثر ہونے کا انکشاف کیا، تاہم انہوں نے اداکار کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی بتایا کہ کس ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا۔
ان کی بات پر فیصل قریشی کی جانب سے بات کرنے سے عندیہ ملتا ہے کہ ممکنہ طور پر انہیں فیصل قریشی نے ہی زوردار تھپڑ مارا ہوگا۔
پروگرام کے دوران فیصل قریشی نے بھی انکشاف کیا کہ شوٹنگ کے دوران وہ حقیقی معنوں میں صبا قمر کا تھپڑ کھا چکے ہیں۔