بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، نیا ٹیرف کیا ہوگا؟ تفصیلات سامنے آگئیں
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد بجلی کے فی یونٹ نئے نرخ کیا ہوں گے، تفصیلات سامنے آگئیں۔
وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پاور ڈویژن نے تفصیلات جاری کردی ہیں جن کے مطابق ماہانہ 100یونٹ تک گھریلو لائف لائن صارفین کیلئے ٹیرف میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے موجودہ ٹیرف 4 روپے 78 پیسے فی یونٹ برقرار رہے گا، اسی طرح ماہانہ51 سے 100 یونٹ تک بجلی کے لائف لائن صارفین کا ٹیرف بھی 9 روپے 37 پیسے فی یونٹ برقرار رہے گا۔
ماہانہ ایک سے 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 6 روپے 14 پیسے کی کمی سے 8 روپے 52 پیسے ہوجائے گا۔
ماہانہ 101 سے 200 پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 6 روپے 14 پیسے کمی سے 11 روپے 51 پیسے ہوجائے گا، جبکہ 300 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف7 روپے 24 پیسے کمی سے 34 روپے 3 پیسے ہوجائے گا۔
اسی طرح گھریلو 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 7 روپے 24 پیسے کمی سے 48 روپے 46 پیسے ہو جائے گا۔
کمرشل صارفین کا ٹیرف 8 روپے 58 پیسے کمی سے 62 روپے 47 پیسے فی یونٹ ہو جائے گا جبکہ زرعی صارفین کا ٹیرف 7 روپے 18 پیسے کمی سے 34 روپے 58 پیسے ہو جائے گا۔
صنعتی صارفین کا ٹیرف 7 روپے 69 پیسے کمی سے 40 روپے 51 پیسے فی یونٹ ہو جائے گا جبکہ بجلی کا اوسط ٹیرف 7 روپے 41 پیسے کمی سے 37 روپے 64 پیسے کی سطح پر آجائے گا۔
واضح رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ تک کمی کا اعلان کر دیا، جس کے بعد تمام گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 38 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہوگیا، اسی طرح صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 40 روپے 60 پیسے کا ہوگیا۔