بیوی کی محبت نے مجھے بدل دیا، آرز احمد کی بات پر حبا بخاری آبدیدہ ہوگئیں
مقبول اداکار آرز احمد کی جانب سے اہلیہ حبا بخاری کی محبت کا اعتراف کرنے کی بات پر ان کی اہلیہ براہ راسٹ ٹی وی شو میں ہی آبدیدہ ہوگئیں۔
حبا بخاری اور آرز احمد نے حال ہی میں عید الفطر کے موقع پر سماء ٹی وی کے عید شو میں شرکت کی، جہاں دونوں نے نجی زندگی سمیت شوبز کیریئر پر کھل کر باتیں کیں۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں آرز احمد نے اہلیہ کی محبت اور شادی کے بعد اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی آنے کا اعتراف کیا اور ان کی بات کے دوران حبا بخاری آبدیدہ ہوگئیں۔
آرز احمد کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے وہ بہت زیادہ غصہ کرنے والے ہوتے تھے جب کہ ان کی جلد بازی کرنے کی عادت بھی ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔
ان کے مطابق شادی اور حبا بخاری کی محبت کے بعد وہ بالکل تبدیل ہوچکے ہیں اور ان کی تبدیلی کا کریڈٹ ان کی اہلیہ کو جاتا ہے۔
آرز احمد نے کہا کہ حبا بخاری نے انہیں احساس دلایا کہ وہ اہمیت رکھتے ہیں، وہ اہم ہیں اور جب کسی شخص کو یہ احساس ہوجائے کہ وہ کسی کے لیے اہم ہیں تو گویا اس کا نیا جنم ہوتا ہے۔
اداکار نے اعتراف کیا کہ شادی کے بعد اور حبا بخاری کی محبت پانے کے بعد گویا ان کا نیا جنم ہوا ہے اور وہ بالکل تبدیل ہوچکے ہیں، ان میں مثبت تبدیلیاں آئیں۔
شوہر کی بات پر حبا بخاری جذباتی ہوگئیں اور ان کی بات کو انتہائی پیاری اور اچھی قرار دیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
حبا بخاری کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے انتہائی پیاری بات کہی، جس پر وہ واقعی جذباتی ہوگئیں۔
براہ راست شو میں آرز احمد کی جانب سے اہلیہ کی محبت کی تعریف کیے جانے اور پھر حبا بخاری کی جانب سے شوہر کی تعریف پر جذباتی ہونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دونوں شخصیات کے لیے محبت کا اظہار بھی کیا۔