فلم لکھاری و ہدایت کار طاہرہ کشیپ میں کینسر کی دوبارہ تشخیص
بھارتی لکھاری و فلم ہدایت کار طاہرہ کشیپ میں سات سال بعد دوبارہ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
طاہرہ کشیپ بولی وڈ اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ ہیں اور ابتدائی طور پر ان میں ستمبر 2018 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
طاہرہ کشیپ میں ’ڈکٹل کارنوما ان سیٹو‘ (ڈی سی آئی ایس) کی تشخیص ہوئی تھی اور ’ماسٹیکٹومی‘ (Mastectomy) یعنی بریسٹ کو ہٹانے کے عمل سے بھی گزری تھیں۔
ابتدائی طور پر ان میں پری کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جو بعد ازاں بریسٹ کو ہٹانے کے بعد بڑھ گئی تھی لیکن طاہرہ کشیپ نے بہادری سے بیماری کا مقابلہ کیا تھا اور صحت یاب ہوگئی تھیں۔
لیکن اب سات سال بعد انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان میں دوبارہ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے یا یوں کہا جائے کہ ان میں کینسر دوبارہ واپس آگیا۔
طاہرہ کشیپ نے انسٹاگرام پوسٹ میں خود کے دوبارہ کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی، تاہم ساتھ ہی اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دوسرے راؤنڈ میں بھی بیماری کو شکست دے دیں گی۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق طاہرہ کشیپ کی جانب سے خود میں دوبارہ کینسر کی تشخیص کے بعد ان کے شوہر آیوشمن کھرانہ سمیت دیگر شوبز شخصیات نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ دوبارہ بھی بیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گی۔
طاہرہ کشیپ کے مطابق وہ گزشتہ سات سال سے ہر بار اسکریننگ اور ٹیسٹس کرواتی رہی ہیں اور وہ دوسروں کو بھی یہی تجویز کریں گی کہ وہ ٹیسٹس کرواتے رہے۔