• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am

’بلبلے‘ میں خوبصورت کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی، مائرہ خان

شائع April 7, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مقبول اداکارہ و ماڈل مائرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عائشہ عمر سے قبل انہیں معروف کامیڈی ڈرامے ’بلبلے‘ کے کردار ’خوبصورت‘ کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا۔

مائرہ خان حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ والدین کی اکلوتی اولاد ہیں، جس وجہ سے والدین نے انہیں ناز و نخروں سے پالا جب کہ ان کے والد فوج میں تھے، انہوں نے انہیں سخت ٹریننگز بھی دیں۔

ان کے مطابق والد انہیں سخت ’لونڈا‘بنانا چاہتے تھے، اس لیے 11 سال کی عمر میں ہی انہوں نے لڑکوں والی شرارتیں شروع کردی تھیں

ان کا کہنا تھا کہ وہ والدہ کے ہمراہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) جاتی تھیں، جہاں ایک بار ایک ہدایت کار نے انہیں دیکھا تو انہیں بچے کے کردار کی پیش کش کردی، جہاں سے ان کے کیریئر کا آغاز ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں اداکاری شروع کرنے کے بعد انہوں نے بطور ریڈیو جوکی (آر جے) کام شروع کیا اور پھر کئی سال بعد انہوں نے دوبارہ ماڈلنگ اور اداکاری شروع کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ہولی وڈ میں کام کی پیش کش ہوگی تو وہ ضرور کریں گی۔

جاپان جانے کا قصہ بتاتے ہوئے مائرہ خان نے بتایا کہ ایک بار ان کی وہاں غنا علی کے ساتھ وائی فائی کی ڈیوائس پر لڑائی ہوگئی تھی، جس پر ان کی والدہ نے دونوں کی صلح کروائی۔

انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ان کے پاس ایک ہی وائی فائی ڈیوائس تھی، جس وجہ سے ان کے درمیان لڑائی ہوئی لیکن بعد میں ان کی والدہ نے فیصلہ کیا کہ ڈیوائس ایک دن غنا علی اور ایک دن مائرہ خان کے پاس رہے گی، جس کے بعد ان کے درمیان صلح ہوگئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ متعدد بار جاپان جا چکی ہیں، ایک بار وہ اظفر علی سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ بھی ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے گئی تھیں، جہاں ٹیکسی ڈرائیور نے ان کے اور اظفر علی کے ساتھ فراڈ کرکے ان سے کرائے کی مد میں زیادہ پیسے بٹورے۔

ایک اور سوال کے جواب میں مائرہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’تماشا گھر‘ ریئلٹی شو میں اس لیے شرکت کی، کیوں کہ انہیں بگ باس جیسے شوز پسند ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’تماشا گھر‘ میں ہونے والی تمام چیزیں اور باتیں حقیقی ہوتی ہیں، وہاں کوئی بھی بات یا سین اسکرپٹڈ نہیں ہوتا، ان کا شو کے دوران دانت ٹوٹ گیا تھا، جس پر انہیں ٹرول بھی کیا گیا، جس وجہ سے انہوں نے نیا دانت بھی لگوایا۔

ایک اور سوال کے جواب میں مائرہ خان نے انکشاف کیا کہ انہیں ہدایت کار نبیل ظفر نے اپنے مقبول کامیڈی ڈرامے ’بلبلے‘ کا عائشہ عمر کا کردار ’خوبصورت‘ کرنے کی پیش کش کی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ جاپان جا رہی تھیں اور یہ کہ اس دور میں سڈ کام ڈراموں کو پسند بھی نہیں کیا جاتا تھا، اس لیے انہوں نے ’خوبصورت‘ کا کردار ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

مائرہ خان کے مطابق عائشہ عمر ان کی بہترین دوست ہے جب کہ اب نبیل ظفر بھی انہیں کردار چھوڑنے پر طعنے دیتے رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 مئی 2025
کارٹون : 4 مئی 2025