وزیراعلیٰ بلوچستان ایران کے ساتھ تجارت کے خواہاں
کوئٹہ: پاکستان کے صوبے بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ معیشت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان ایران کے ساتھ اقتصادی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات قائم کرنے کا حواہاں ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کل بروز جمعرات کو یہاں کوئٹہ میں ایران کے پاکستان میں سفیر علی رضا حقیقیاں کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سرحدوں پر امیگریشن کا عمل اور گوادر، پنجگور اور مند کے علاقوں سے تجارتی سہولیات فراہمی کرنے سے ناصرف پاکستان بلکہ ایران کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے معشی افراد کے درمیان رابطے پیدا ہوں گے جس کو فروغ دینا ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران ایرانی سفیر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ زراعات، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بلوچستان کا ایک پارلیمانی وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا۔
وزیراعلی ڈاکٹر عبدلمالک اور ایرانی سفیر دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران اور بلوچستان کے ساتھ تعلقات کی راہ ہموار کرنے کے لیے فوکل پرسنز کا تقرر کیا جائے گا۔
انہوں نے ایرانی سفیر سے کہا کہ بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں ایران کی طرف سے مسلسل راکٹ حملوں سے تشویش میں اضافہ ہورہا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمی کا باعث بن رہا ہے۔