• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پشاور: فائرنگ سے پولیو انچارج ہلاک، دو افراد زخمی

شائع December 28, 2013
فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

پشاور: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے متنی میں آج ہفتے کے روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو انچارج ہلاک اور دو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق متنی بازار میں واقع ایک ہسپتال میں نامعلوم افراد نے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کے اچارج ظاہر گل ہلاک، جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت علاقے میں پولیو مہم شروع نہیں ہوئی تھی۔

زخمی افراد میں ایک شخص کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی جو ہسپتال میں ملازم تھا، جبکہ خاتون کا نام نصرت بتایا جارہا ہے جو یہاں اپنے علاج کے لیے آئیں تھیں۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تاہم کسی گروپ یا تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں انسدادِ پولیو ٹیموں پر آج ہونے والا حملہ کوئی پہلا واقعہ نہیں تھا اور حالیہ مہینے متعدد بار اس قسم کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

ایک ہفتہ قبل قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں بھی اس ہی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں پر نامعلوم افراد نے ایک پولیو رضا کار کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے 13 دسمبر کو جمرود میں ہی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک پولیو ورکر کو ہلاک کردیا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب وہ اپنے گھر جارہے تھے۔

پولیو وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں پاکستان کا شمار تیسرے نمبر پر ہوتا ہے، لیکن اس وائرس سے بچاؤ کی کوششیں کرنے والی ٹیموں پر مسلسل حملوں سے پولیو ورکرز کو مشکلات درپیش ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024