امن کمیٹی کے ارکان اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد: طالبان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے قائم کردہ چار رکنی اعلٰی سطحی کمیٹی کے ارکان جمعرات کو وزیر اعظم سے مشاورت کے لیئے اسلام آباد پہنچ گئے۔
وزیر اعظم نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ وہ دہشت گردی کی تازہ لہر کے باوجود طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔
متعبر ذرائع نے ڈان۔ کام کو بتایا کہ پشاور سے سینیئر صحافی رحم اللہ یوسف زئی، سابق سفارت کار رستم شاہ محمد، سابق آئی ایس آئی افسر میجر ریٹائرڈ عامر شاہ پر مشتمل ٹیم مذاکرات کی حکمت عملی تیار کرنے کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
کمیٹی کے چوتھے رکن کالم نگار اور قومی امور پر وزیر اعظم کے معاون عرفان صدیقی پہلے ہی اسلام آباد میں موجود ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مجوزہ مذاکرات کے عمل پر بات چیت کے لئے جمعہ کو وزیر اعظم ہاوس میں کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔